حکومت

مہنگے پٹرول سے چھٹکارا ، حکومت کا الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی دینے کا اعلان

حکومتِ پاکستان نے شہریوں کی سہولت، معاشی ریلیف اور ماحولیاتی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعظم الیکٹرک موٹر سائیکل سکیم متعارف کروا دی ہے ۔

اس سکیم کے تحت شہریوں کو سبسڈی پر برقی موٹر سائیکلیں اور رکشے فراہم کیے جائیں گے، تاکہ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے اثرات کم ہوں، عوام کو سستی سفری سہولت میسر آئے اور شہروں میں ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے ۔

انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او حماد منصور نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے آئندہ پانچ سال کے دوران مجموعی طور پر 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ موجودہ مالی سال کے لیے 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔

حماد منصور کے مطابق اس سال کے دوران ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر فی بائیک 80 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی، جس سے ہزاروں خاندانوں کو براہِ راست مالی ریلیف حاصل ہوگا ۔

اسی طرح الیکٹرک رکشہ سکیم کے تحت ہر رکشے پر 4 لاکھ روپے تک سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ چھوٹے کاروباری افراد، دیہاڑی دار مزدور اور متوسط طبقہ بھی اس سہولت سے مستفید ہو سکیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سوزوکی موٹرسائیکل نے جی ڈی 110 ایس کے لیے آسان ماہانہ اقساط کا پلان متعارف کرا دیا

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شہری علاقوں میں دھوئیں اور شور میں واضح کمی آئے گی اور ملک کے درآمدی ایندھن کے بل میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی ۔

حماد منصور نے مزید بتایا کہ وزیراعظم الیکٹرک موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں دستیاب دیگر برانڈز کے مقابلے میں 50 سے 60 ہزار روپے سستی ہوں گی، اور جون تک 76 ہزار موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے درخواست، جانچ پڑتال اور تقسیم کا مکمل عمل ڈیجیٹل اور خودکار نظام کے تحت کیا جائے گا، تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہ رہے ۔

اس سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور ڈرائیونگ لائسنس لازمی شرط ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد انتظامیہ کا بڑا فیصلہ: اب موٹر سائیکلوں پر بھی ایم ٹیگ لگانا لازمی قرار

سی ای او کے مطابق، الیکٹرک موٹر سائیکل استعمال کرنے والے شہری ماہانہ تقریباً 8 ہزار روپے پٹرول کی مد میں بچت کر سکتے ہیں، اور مکمل ڈیجیٹل طریقہ کار کے ذریعے مستحق افراد تک بروقت رسائی بھی ممکن ہوگی ۔

Scroll to Top