کولمبو: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 8 کا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے اس دوسرے مرحلے کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
اس اہم مقابلے کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دن کے وقت بھرپور پریکٹس کی ہے۔ کیوی کوچنگ اسٹاف نے پاکستانی اسپنر عثمان طارق کی بولنگ کا توڑ کرنے کے لیے اپنے بیٹرز کو خاص طور پر پاکستانی بولر کے ایکشن میں گیندیں کرائیں تاکہ وہ میچ میں ان کا مقابلہ کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے اہم میچ میں بارش کا امکان
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن فلڈ لائٹس میں ہونا تھا، لیکن کولمبو میں بارش کی وجہ سے یہ سیشن منسوخ کر دیا گیا۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہم پچھلے 6 ماہ سے اس ایونٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی پرُاعتماد ہیں اور ہماری تیاری مکمل ہے، امید ہے کہ ہم کنڈیشنز کا بہتر فائدہ اٹھائیں گے کیونکہ ہماری کوشش بہترین ٹیم میدان میں اتارنے کی ہوتی ہے۔
سپر 8مرحلے میں پاکستان کے اگلے دو میچز انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ہوں گے، جو بالترتیب 24 اور 28 فروری کو کھیلے جائیں گے۔ شائقینِ کرکٹ یہ میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مائیکو پر براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔




