میاں نوازشریف کا آزادکشمیر کا دورہ ایک بار پھر ملتوی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدرمیاں نواز شریف کا آزاد جموں و کشمیر کا دورہ ایک بار پھر ملتوی کر دیا گیا ہے۔

میاں نواز شریف کا 23 فروری سے 2 روزہ آزادکشمیر شیڈول تھا جو آزادکشمیر کی پارٹی کے اختلافات کے باعث ملتوی ہو گیا ہے۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے تصدیق کی تھی سابق وزیراعظم نواز شریف آئندہ ہفتے 23 سے 24 فروری کو آزاد جموں و کشمیر کا دو روزہ دورہ کریں گے اور اہم ملاقاتیں بھی کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن آزادکشمیر کا اہم اجلاس، صدر شاہ غلام قادر پر اعتماد کا اظہار

قبل ازیں شیڈول سامنے آیا تھا جس کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے بھی نواز شریف کے ہمراہ جانا تھااور کارکنوں اور رہنمائوں سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔

دورہ کے دوران آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے لیے ٹکٹ کے درخواست گزاروں سے بھی ملاقات کرنے والے تھے۔

گزشتہ روز وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کی رہائشگاہ پرمسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کا اہم اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر اور سابق وزیر اعظم فاروق حیدر کی پریس کانفرنس کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال جائزہ لیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر اور سابق وزیر اعظم فاروق حیدر کی پریس کانفرنس پر سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق اور سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر سٹر افتخار گیلانی نے تنقید کی تھی اورلاتعلقی کا اعلان کیا تھا ۔

قائد حزب اختلاف شاہ غلام قادر نے دعویٰ کیا تھاکہ پیپلز پارٹی کے پاس واضح اکثریت نہیں ہے۔ اگر ان کا رویہ درست نہ کیا گیا تو تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں اختلافات، نوازشریف کا سخت نوٹس، اجلاس طلب کرلیا 

انجینئر امیر مقام کی رہائشگاہ پر ہونیوالے اجلاس میں پارٹی رہنمائوں کو سوشل میڈیا پر بیان بازی روکنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔

نوازشریف کا آزادکشمیر کا دورہ اس سے قبل بھی ایک بار ملتوی کیا جا چکاہےاور ٹکٹ کے امیدواروں سے مقامی قیادت نے ہی حلف لیا تھا۔

Scroll to Top