سکندر رضا

سکندر رضا کا زمبابوے کی ٹیم کیلئے جذبہ قابلِ تعریف ہے : شعیب ملک

سابق پاکستانی کپتان شعیب ملک نے زمبابوے کے آل راؤنڈر اور کپتان سکندر رضا کی محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ کرکٹ میں سیکھنے کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا اور کامیابی ہمیشہ مسلسل محنت کا نتیجہ ہوتی ہے۔ انہوں نےسکندر رضا کی پیشہ ورانہ سوچ اور قومی ٹیم کیلئے ان کے جذبے کو قابلِ تعریف قرار دیا ۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم میں اس وقت ایک نمایاں کھلاڑی کے طور پر سکندر رضا کی کارکردگی واضح دکھائی دیتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک تجربہ بانٹنا سینئرز کی ذمہ داری ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:زمبابوے کیلئے کوئی بھی لیگ چھوڑنی پڑے تو چھوڑ دوں گا، سکندر رضا

شعیب ملک نے بتایا کہ اگر کوئی کھلاڑی غلطی کر رہا ہو تو وہ بغیر جھجھک مشورہ دیتے ہیں کیونکہ سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہتا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ مشورہ دینا آسان ہے لیکن اصل فرق کھلاڑی کی اپنی محنت پیدا کرتی ہے اور سکندر رضا نے اپنی لگن سے یہ ثابت کیا ہے ۔

دوسری جانب سکندر رضا نے ایک حالیہ انٹرویو میں شعیب ملک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دورے کے دوران شعیب ملک نے نہ صرف ان کی رہنمائی کی بلکہ حوصلہ افزائی بھی کی۔ انہوں نے اس عمل کو اپنے کیریئر کیلئے یادگار قرار دیا اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سٹار آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل پی ایس ایل کا حصہ بن گئے

سکندر رضا کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی کی کارکردگی ہی اس کی اصل پہچان ہوتی ہے ۔ اگر کھیل بہتر ہو تو تعریف ملتی ہے لیکن کمزور کارکردگی پر یہ تاثر پیدا ہو جاتا ہے کہ توجہ لیگ کرکٹ پر زیادہ ہے ۔ اسی لیے وہ ہمیشہ قومی ٹیم کیلئے اپنی بہترین صلاحیتیں پیش کرنے کو ترجیح دیتے ہیں ۔

Scroll to Top