ایران پر ممکنہ امریکی حملہ، روس نے ٹرمپ کو سخت انتباہ جاری کردیا

ماسکو: روس نے خبردار کیا ہےکہ ایران پر کسی بھی نئے امریکی حملےکے سنگین نتائج ہوں گے۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہےکہ خطے میں عرب ممالک اور خلیجی ریاستوں سمیت کوئی بھی کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا، سب سمجھتے ہیں یہ آگ سے کھیلنے کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غزہ میں کون کونسے مسلم ممالک اپنی فوج بھیجیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا

روسی وزیرخارجہ کا کہنا ہےکہ ایران میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے زیر کنٹرول جوہری تنصیبات پرپہلے ہی حملے ہو چکے ہیں، ایران پر کسی بھی نئے امریکی حملےکے سنگین نتائج ہوں گے۔

دوسری جانب ایران اور روس کی بحری مشقوں کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ مشترکہ بحری مشقوں میں ایران اور روس کے بحری جنگی جہازوں نے حصہ لیا۔

بحری مشقوں کے ترجمان رئیر ایڈمرل حسن کا کہنا تھا کہ مشقوں کا مقصد سکیورٹی کو فروغ دینا اور پائیدار بحری معاملات کو مستحکم کرنا ہے۔

دریں اثناء واشنگٹن میں غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دس دن میں ایران کے بارے میں پتہ چل جائےگا۔

ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، معاہدہ نہ کیا تو نتائج برے ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران پر اسی ہفتے حملہ ہو سکتا، امریکی میڈیا، تہران نے آبنائے ہرمز میں راکٹ لانچ کرنے کا منصوبہ بنا لیا

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہےکہ ایران ہمارے ساتھ امن کے راستے پر چلے، مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں رکھنے دیں گے، ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو خطے میں امن ممکن نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ نے اسی ہفتے ایران پر حملے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور فوج کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔