وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کی لاری اڈے اور سبزی منڈی کی منتقلی کی ہدایت، شہریوں کا ردِعمل

آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ اور بے ہنگم رش کو کم کرنے کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے شہر کے درمیان میں واقع لاری اڈے اور سبزی منڈی کو شہر سے باہر منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو درپیش مشکلات اور ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی، جس پر عوام نے ملا جلا اور مثبت ردِعمل ظاہر کیا ہے۔

شہریوں کے تاثرات اور مطالبات:

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں اس طرح کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں کیونکہ اسکول کی چھٹی کے اوقات میں ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے، جس سے مریضوں، بزرگوں اور بچوں کو شدید تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔ شہریوں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی اور غیر قانونی اڈوں کو فوری طور پر شہر سے باہر منتقل کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں ڈاکٹر نجیب نقی کے کاغذاتِ نامزدگی جمع

تاہم، عوام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماضی کی طرح یہ اعلانات صرف زبانی جمع خرچ تک محدود نہیں رہنے چاہئیں بلکہ ان پر عملی طور پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیلانی چوک، زیرو پوائنٹ، بینک روڈ اور دیگر مقامات پر غیر قانونی پارکنگ، تجاوزات اور جگہ جگہ بنے ہوئے روٹس کے اڈوں کی وجہ سے عوام بالخصوص خواتین کے لیے گزرنا محال ہو چکا ہے۔

تجاوزات اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالات:

شہریوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور ریڑھی بانوں و عارضی اڈوں نے سڑکوں کو گھیر رکھا ہے، جس کی وجہ سے پیدل چلنے والے بچے اور بزرگ سڑک کے درمیان سے گزرنے پر مجبور ہیں اور حادثات کا خطرہ رہتا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ بلدیہ کے انسپیکٹرز اور ٹریفک پولیس کی آنکھوں کے سامنے یہ سب کچھ ہو رہا ہے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ عوام نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔