تنظیمی تبدیلیاں و انتخابی حکمت عملی، نواز شریف آئندہ ہفتے آزادکشمیر کا اہم دورہ کرینگے

اسلام آباد: قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کااہم دورہ کریں گے، دورہ کے دوران قائد مسلم لیگ (ن) پارٹی قیادت اور کارکنوں سے ملاقاتیں کرینگے اور انتخابی حکمت عملی طے کی جائیگی۔

قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی طرف سےمسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کی قیادت میں اختلافات پر باز پرس کئے جانے کا امکان ہے اور ممکنہ طور پر تنظیمی عہدیداروں کی تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کارکنوں نے پارٹی قیادت کے ناقابل قبول فیصلے دل پرپتھر رکھ کر برداشت کئے، طارق فاروق

ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف2روزہ دورہ23 فروری کو مظفرآباد پہنچیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی ن لیگی قائد کے ہمراہ ہوں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی قیادت اور کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی، تنظیمی امور، آئندہ انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائیگی۔

میاں نوازشریف کے دورہ کے دوران ٹکٹوں کی تقسیم اور امیدوار فائنل کئے جانے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کی قیادت اختلافات کا شکار ہے اور ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کی جا رہی ہے، موجودہ وقت میں قائد (ن) لیگ کا موجودہ دورہ زیادہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

میاں نوازشریف اپنے دورہ کے دوران تنظیمی سطح پر بڑی تبدیلیوں کا بھی فیصلہ کر سکتے ہیں کیونکہ صدر(ن) لیگ آزادکشمیر شاہ غلام قادر کے رویئے پر باقی عہدیدار نالاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ غلام قادر کی پریس کانفرنس کا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں ، افتخار گیلانی

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی مرکزی قیادت نے آزادکشمیر کےعہدیداروں میں اختلافات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور بڑی تبدیلیوں کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل لاہورمیں ہونیوالے اجلاس میں میاں نوازشریف نے اعلان کیا تھا کہ ٹکٹس کا فیصلہ خود امیدواروں سے انٹرویو کرکے کروں گا لیکن انٹرویوز آزادکشمیر کی قیادت نے ہی کئے ہیں۔

Scroll to Top