غزہ امن بورڈ میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن پہنچ گئے۔ افتتاحی اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی امریکی قیادت اور اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کتنے فیصد پاکستانی غزہ فوج بھیجنے کے حامی ہیں؟ گیلپ سروے جاری
اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیراعظم شہبازشریف 20 فروری تک امریکا میں قیام کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سلامتی کونسل میں فلسطین کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم واشنگٹن میں ہونے والے غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کرکے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کریں گے۔
اسحاق ڈار نے اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ میں جنگ بندی کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انہوں نے زور دیا کہ سیز فائر کا احترام کیا جانا چاہیے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مستقل امن کےلیے باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری کو ضروری قرار دیا اور واضح کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار تمام صورتحال میں لازم و ملزوم ہے، فلسطینیوں کےحق خودارادیت کا احترام کیے بغیرکوئی حل قابل عمل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ کشمیر کو ’’ بورڈ آف پیس‘‘میں شامل کیا جائے،مشعال ملک
نائب وزیراعظم نے غزہ سےفلسطینیوں کو بےدخل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔




