میئر صادق خان نے کا بڑا اقدام،استقبال رمضان کیلئے لندن جگمگا اٹھا، اہم پیغام جاری

لندن:پاکستانی نژاد صادق خان لندن کے پہلے مسلم میئر ہیں جنہیں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث تمام ہی طبقات میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق صادق خان نے میئر بننے کے بعد ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے وہ ہر دلعزیز شخصیت بن گئے ہیں اور وہ پانے مسلمان ہونے پر ہمیشہ ہی فخر کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت نے رمضان المبارک کے لیے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

صادق خان کے بقول اس برس بھی ماہِ رمضان کے استقبال کے لیے لندن کی پیکاڈلی سرکس اور لیسٹر اسکوائر کو ملانے والی کوونٹری اسٹریٹ چاند ستاروں والی خوبصورت لائٹس سے روشن ہوگئیں۔

میئر صادق خان نے بتایا کہ اس علاقے کو ماہِ رمضان میں مسلسل چوتھے سال سجایا گیا۔ 30 ہزار ایل ای ڈی لائٹس شام 5 سے صبح 5 بجے تک پیکاڈلی سرکس اور لیسٹر اسکوائر کے درمیان آسمان کو روشن کرتی رہیں گی۔

میئر صادق خان نے انسٹاگرام پر ایک خصوصی ویڈیو میں کہا کہ لندن چار سال قبل مغربی دنیا کا پہلا شہر تھا جسے رمضان کے استقبال کے لیے روشنیوں سے سجایا گیا اور آج رات ایک بار پھر لندن امید اور اتحاد کی روشنی کے طور پر جگمگا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ رمضان ایمان کی تجدید، ضرورت مندوں کی مدد اور اُن لوگوں کی مشکلات پر غور کرنے کا وقت ہے جن کی قسمت ان کا زیادہ ساتھ نہیں دے رہی۔

صادق خان نے مزید کہا کہ ہر سال مسلمان شہری رمضان میں سخاوت اور خیرات کے شاندار اقدامات کرتے ہیں اور اس سال بھی ایسا ہی ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایم رمضان ریلیف پیکیج : اہلیت اور رجسٹریشن کی تفصیلات جاری

انہوں نے لندن میں مقیم تمام مسلمان شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قرآن مجید کی تعلیم کے مطابق اللہ نے انسانوں کو مختلف رنگوں اور نسلوں میں پیدا کیا ہے۔

میئر نے یاد دلایا کہ گزشتہ سالوں میں دنیا میں کچھ لوگ نسل یا رنگ کے اختلافات کو کمزوری یا خطرہ سمجھ کر تعصب پھیلا رہے ہیں لیکن لندن میں شہری ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔

اختلافات کا احترام کرتے ہیں اور وہ اقدار قائم رکھتے ہیں جو لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہیں۔

آخر میں میئر صادق خان نے رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لندن میں رہنے والے ہر شخص کو، چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، ہمیشہ محبت اور احترام ملے گا۔

Scroll to Top