مظفرآباد: آزاد کشمیر میں چیف الیکشن کمیشن سے متعلق جاری معاملہ حل ہونے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ سابق چیف جسٹس مصطفیٰ مغل کی بطور چیف الیکشن کمشنر جموں و کشمیر تقرری کی سمری پر وزیراعظم پاکستان نے بالآخر دستخط کر دیے ہیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق یہ سمری کئی ہفتوں سے وزیراعظم آفس میں زیر التوا تھی، تاہم اب منظوری کے بعد اسے صدر آزاد کشمیر آفس کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد تقرری کا عمل باضابطہ طور پر مکمل ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مظفرآباد میں اس حوالے سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں اور اسے انتخابی نظام میں تسلسل کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیرکی عدم تعیناتی،ایڈووکیٹ جنرل سے تحریری جواب طلب
دوسری جانب راجہ فاروق حیدر خان نے کہا، “ نظام تبدیل ہونا نئی بات نہین مقبوضہ کشمیرمیں بھی تو اسی طرح نظام تبدیل ہوگیا”۔ ان کے اس بیان پر سیاسی و عوامی حلقوں میں تبصرے جاری ہیں۔
ادھر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا، “ ہمار ا یہ مشترکہ مشن ہے کہ ریاست جموں کشمیر جز کی بنیاد پر نہیں کل کی بنیاد پر استصواب رائے کے زریعہ اپنا پاکستان سے الحاق کرنا ہے۔”
ان بیانات کے بعد سیاسی فضا میں مزید سرگرمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جبکہ حکومتی اور اپوزیشن حلقے اس تقرری کو آئینی عمل کا حصہ قرار دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں اس حوالے سے مزید پیش رفت متوقع ہے۔




