کجھور سے روزہ افطار کرنا صحت کے لیے مفید کیوں؟ ماہرینِ غذائیت نے بڑی وجہ بتا دی

ماہِ رمضان کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر میں لاکھوں مسلمان غروبِ آفتاب کے وقت اپنا روزہ کھجور سے افطار کرتے ہیں، لیکن اس روایت کے پیچھے چھپے طبی فوائد اسے روزہ داروں کے لیے ایک مثالی خوراک بناتے ہیں۔

اسلامی روایات کے مطابق روزہ کھولنے کے لیے کھجور کا استعمال پیغمبرِ اسلام نے تجویز کیا ہے ۔ طبی لحاظ سے جب انسان طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک طویل فاقے سے ہوتا ہے، تو ایسی صورت میں کھجور کی غذائی ساخت انسانی معدے کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہے۔

نجی چینل کی رپورٹ میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ماہرِ غذائیت شہناز بشیر کے مطابق، روزہ کھولنے کے وقت جسم کو فوری طور پر گلوکوز کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اسے ایندھن کے طور پر اسی کی حاجت ہوتی ہے۔ کھجور میں شکر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو دیگر غذاؤں کے مقابلے میں خون میں شوگر کی سطح کو کہیں زیادہ تیزی سے بڑھاتی ہے۔ ماہرِ غذائیت کا مزید کہنا ہے کہ کھجوریں اس لحاظ سے منفرد ہیں کہ ان میں سادہ شکر کے ساتھ ساتھ پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس بھی پائے جاتے ہیں، جو جسمانی توانائی کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان اللہ کی نعمتوں کی قدر دانی کا مقدس مہینہ ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

توانائی اور ضروری غذائی اجزاء کا مجموعہ:

کھجور وٹامن اے، کے اور بی 6 کے ساتھ ساتھ آئرن سے بھی بھرپور ہوتی ہے، جو مختصر وقت میں جسم کو تمام ضروری غذائی اجزاء فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ پھل کثیر مقدار میں جسم کو توانائی فراہم کرتا رہتا ہے جو کہ ایک روزہ دار کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

جسم میں پانی کی کمی کا خاتمہ:

اگرچہ کھجور ایک خشک پھل ہے، لیکن یہ جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتی۔ اس میں موجود قدرتی الیکٹرولائٹ ‘پوٹاشیم’ پانی کے لیے مقناطیس کا کام کرتا ہے اور خلیوں کو پانی سے بھر دیتا ہے۔ افطار میں کھجور اور پانی کا ایک ساتھ استعمال جسم میں پانی کی مقدار برقرار رکھنے کے لیے بہترین ہے، جس کے بعد اکثر اضافی الیکٹرولائٹس لینے کی ضرورت نہیں رہتی۔

ہاضمہ اور وزن پر قابو:

رمضان میں قبض اور پیٹ پھولنے کی شکایات عام ہوتی ہیں، لیکن کھجور فائبر کا بہترین ذریعہ ہے جو ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔ کھجور کھانے سے جسم کو یہ احساس ہوتا ہے کہ اسے غذا مل چکی ہے، جس سے افطار کے وقت ضرورت سے زیادہ کھانا کھانے کی خواہش کم ہو جاتی ہے اور وزن کنٹرول میں رہتا ہے۔

اگر کھجور پسند نہ ہو تو کیا کریں؟

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر آپ کو کھجور کی کوئی خاص قسم پسند نہیں تو مارکیٹ میں موجود سینکڑوں اقسام میں سے کوئی اور آزما کر دیکھیں۔ اس کے علاوہ کھجور کو دودھ، دہی اور خشک میوہ جات کے ساتھ ملا کر ‘سموتھی’ بنا کر پینا بھی جسم کے لیے بے حد فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایم رمضان ریلیف پیکیج : اہلیت اور رجسٹریشن کی تفصیلات جاری

Scroll to Top