ماہِ رمضان المبارک کے دوران ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر اور ماتحت عدالتوں کے لیے نئے اوقاتِ کار مقرر کر دیے گئے ہیں۔
چیف جسٹس عدالت عالیہ آزاد جموں و کشمیر کی منظوری کے بعد ڈپٹی رجسٹرار انتظامیہ سید ارشد حسین گیلانی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق عدالت عالیہ کے ہیڈ کوارٹر مظفر آباد، سرکٹ بینچز میرپور، کوٹلی، راولا کوٹ اور ریاست بھر کی تمام ضلعی عدالتوں بشمول قضاء برانچ پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی کا معاملہ تیز، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
جاری کردہ شیڈول کے مطابق، پیر تا جمعرات اور ہفتہ کے روز عدالتی و دفتری اوقات صبح 08:30 بجے سے دوپہر 01:30 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعۃ المبارک کے لیے اوقات کار صبح 08:30 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ جوڈیشل آفیسران، بار ایسوسی ایشنز اور انتظامی حکام کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ان اوقات پر سختی سے عملدرآمد کیا جا سکے۔





