باغ : رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر باغ انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہو گئی ہے اور شہر میں سستے بازاروں کے قیام کے لیے مختلف مقامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جہاں ضروری اشیائے خوردونوش کم نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر قمر عباس کاظمی اور مجسٹریٹ بلدیہ سردار سرفراز بیگ نے شہر کا دورہ کیا اور سستے رمضان بازاروں کے قیام کے لیے ممکنہ مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم نے بتایا کہ سستے رمضان بازار کے لیے تاجروں سے بھی مشاورت ہوئی ہے اور انہیں رمضان بازار کے لیے حکومتی پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
افسران کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو مہنگائی سے ریلیف کے لیے عام مارکیٹ کے مقابلے میں رمضان بازاروں میں چیزیں رعایتی قیمتوں پر فراہم کی جائیں گی۔ انتظامیہ کی جانب سے ان بازاروں میں قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔۔