رمضان میں معدے کے مریضوں کیلئے کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

رمضان المبارک کے دوران معدے کی سوزش یا پیپٹک السر کے مریضوں کو روزہ رکھتے وقت خصوصی احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ بیماریاں بیکٹیریا کے انفیکشن، سگریٹ نوشی، درد کش ادویات کے طویل استعمال، زیادہ کھانے اور مرچ مصالحے دار، چکنائی والی یا تیزابی غذاؤں کے زیادہ استعمال سے پیدا ہوسکتی ہیں۔

ان امراض کی عام علامات میں معدے کا درد، سینے کی جلن، پیٹ پھولنا، ڈکار آنا، تیزابیت اور اوپری پیٹ میں جلن یا درد شامل ہیں۔ طویل وقت تک معدہ خالی رہنے سے یہ علامات بڑھ سکتی ہیں، جس سے بعض افراد کے لیے روزہ رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

روزہ رکھنے سے پہلے کن باتوں پر غور کریں؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ مریض کو حالت کی شدت کے مطابق ہی روزہ رکھنے کا فیصلہ کیا جانا چاہیے۔ سحری چھوڑنا معدے میں تیزابیت بڑھا سکتا ہے۔ اس لیے سحری ضرور کی جائے۔

سحری میں چائے اور کیفین والے مشروبات سے پرہیز بہتر ہے۔ کیونکہ یہ جسم میں پانی کی کمی اور معدے کی جلن بڑھا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ماہ رمضان میں موسم کیسا رہے گا؟این ڈی ایم اے نے پیشگوئی کردی

روزہ آہستگی سے افطار کرنا معدے کو اچانک تیزابیت سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ کھجور اور پانی سے افطار کرنا بہتر سمجھا جاتا ہے، ہلکے سوپ یا پھلوں کے ہلکے مشروبات بھی ہاضمے کے لیے مفید ہیں۔

افطار میں متوازن غذا استعمال کی جائے جس میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، سبزیاں اور پھل شامل ہوں۔ تلی ہوئی، مرچ مصالحے دار، بہت نمکین یا میٹھی اشیاء سے گریز کیا جائے۔

کن غذاؤں سے پرہیز ضروری؟

چکنائی والی، تلی ہوئی اور تیز مرچوں والی غذائیں، کھٹی اشیاء اور ترش پھل جیسے لیموں، مالٹا اور گریپ فروٹ معدے کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ پراسیسڈ اور ڈبہ بند غذائیں اور زیادہ چینی والی اشیا بھی تکلیف بڑھا سکتی ہیں۔

سگریٹ نوشی معدے کی سوزش اور السر کی بڑی وجہ ہے۔ اس لیے رمضان کو سگریٹ چھوڑنے کے موقع کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کون سی غذائیں بہتر رہتی ہیں؟

کھجور، کیلا اور بادام جیسی غذائیں معدے کے لیے نسبتاً ہلکی ہوتی ہیں۔ اور توانائی بھی فراہم کرتی ہیں۔ تلی ہوئی اشیا کے بجائے ابلی یا اوون میں بیک کی گئی غذائیں بہتر انتخاب ہیں۔

پانی اور ادویات کی اہمیت

افطار سے سونے تک مناسب مقدار میں پانی پینا ضروری ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ معدے کی ادویات ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق عموماً سحری کے وقت لینا بہتر رہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلکی، متوازن اور اعتدال والی غذا، مناسب پانی کا استعمال اور صحیح اوقات میں کھانا، معدے کے مریضوں کو رمضان میں نسبتاً آسانی کے ساتھ روزہ رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہ رمضان کی آمد،تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

Scroll to Top