قومی ہاکی ٹیم پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے بعد آسٹریلیا سے وطن واپس پہنچ گئی تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کوئی نمائندہ کھلاڑیوں کے لیے ایئرپورٹ نہ پہنچا، قومی کپتان نے ٹیم مینجمنٹ کے خلاف بغاوت کا اعلان کر دیا۔
لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ نے کھلاڑیوں کے ہمراہ ٹیم مینجمنٹ کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ نہیں کھیلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: منیجر پاکستان ہاکی ٹیم انجم سعید کو جہاز سےکیوں آف لوڈ کیا گیا ؟وجہ سامنے آگئی
کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم مینجمنٹ نے ہوٹل کیا اور نہ ہی اچھی جگہ مہیا کی، کھلاڑی خود کھانا پکاتے رہے اور کپڑے دھوتے رہے، ایسی صورتحال میں ٹیم کیسے پرفارم کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولہ گھنٹے ہوٹل کےانتظار کیلئے سڑکوں پر ذلیل کیا گیا جبکہ ابھی بھی کئی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ٹورز کے ڈیلی الاؤنس بقایا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو غیر ملکی کوچ اور پرفیشنل لوگوں کی ضرورت ہے، شہباز سینئر کے رول کی آج تک مجھے سمجھ نہیں آئی، ان جیسے لوگوں کو پاکستان ہاکی میں نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پرو ہاکی لیگ : ارجنٹینا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد3-2 سے شکست دے دی
کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد شکیل بٹ نے دورہ آسٹریلیا میں کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
یاد رہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کی بدنظمی پر وزیراعظم نے نوٹس لیا اور رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔




