مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل گراں فروشوں نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار کر دیا ہے۔ منافع خور مافیا نے مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے ایل پی جی گیس سلنڈرز کی سپلائی محدود کر دی، جس کے نتیجے میں شہری شدید ذہنی اور مالی اذیت کا شکار ہیں۔
شہریوں کے مطابق، گیس سلنڈر کا نرخ 2600 روپے مقرر ہے، لیکن عملی طور پر مظفرآباد کے کسی بھی حصے میں اس نرخ پر گیس دستیاب نہیں ہے۔ منافع خور گراں فروش فی سلنڈر 4000 روپے تک وصول کر رہے ہیں، یعنی سرکاری نرخ سے تقریباً دگنی قیمت۔
عوام کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی اور متعلقہ ادارے اس سنگین صورتحال پر مکمل طور پر خاموش ہیں۔ ڈسٹری بیوٹرز اور عام دکاندار سب اپنی من مانے ریٹس وصول کر رہے ہیں، مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان سے قبل گیس کا بحران، منافع خوروں نے قیمتیں 4 ہزار تک پہنچا دیں
شہریوں نے حکومتِ آزاد کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے شدید مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کی آمد سے پہلے اس لوٹ مار کا نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر گیس سلنڈر کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ غریب اور متوسط طبقے کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔




