بنگلہ دیش کے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ نے حلف اٹھا لیا

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی تیرہویں جاتیہ سنگسد کے نومنتخب ارکانِ پارلیمنٹ نے اپنی ذمہ داریوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم نصیرالدین نے نئے منتخب ارکان سے حلف لیا، جن میں نامزد وزیراعظم طارق رحمان بھی شامل تھے۔

نئی حکومت کی تشکیل اور حلف برداری:

پارلیمانی کارروائی کے مطابق، ارکانِ پارلیمان کی جانب سے نامزد وزیراعظم کے حق میں رائے دہی کے بعد مرحومہ خالدہ ضیا کے صاحبزادے طارق رحمان بطور وزیراعظم حلف اٹھائیں گے۔ وزیراعظم اور نئی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب آج شام منعقد ہوگی جس میں ملکی و غیر ملکی شخصیات شرکت کریں گی۔ اس تقریب میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر احسن اقبال کر رہے ہیں، جو وہاں اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیشی وزیراعظم تقریب حلف برداری:شہباز شریف اور نریندر مودی سمیت سارک سربراہان کو دعوت

بی این پی کی کامیابی اور عبوری حکومت کی رخصتی:

بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے اتحادیوں نے حالیہ انتخابات میں 212 نشستیں حاصل کر کے دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت سازی کی راہ ہموار کی۔ اس موقع پر عبوری سربراہ محمد یونس نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی سبکدوشی اور نئی منتخب حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بی این پی کی کامیابی کی تعریف کرتے ہوئے طارق رحمان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ملک میں جمہوری عمل اور بنیادی حقوق کا تسلسل جاری رہے گا۔

عبوری دور کا خاتمہ:

واضح رہے کہ محمد یونس کی قیادت میں عبوری حکومت تقریباً 18 ماہ تک ملک چلاتی رہی۔ یہ حکومت 2024 میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد قائم ہوئی تھی، جس نے اپنے دور میں عام انتخابات کرائے اور اہم آئینی اصلاحات کے لیے ریفرنڈم بھی منعقد کیا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش انتخابات : 10 نئی جماعتیں اور لاکھوں نئے ووٹرز میدان میں ، الیکشن کمیشن کا بڑا اعلان!

Scroll to Top