آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان میں کی گئی گفتگو کی ویڈیو شیئر کر دی۔
آسٹریا کے چانسلر نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لمحات شیئر کیے اور انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان میں تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن زبان میں روانی نے انہیں حیران کر دیا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آسٹریا کا سرکاری دورہ مکمل کرکے برطانیہ واپس پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا جموں و کشمیر مہاجرین کے وظیفے میں دوگنا اضافے کا اعلان
لوٹن ائیرپورٹ پر وزیر اعظم کا پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل ویگر سفارتی عملے نے استقبال کیا۔ استقبال کرنے والوں میں مسلم لیگ برطانیہ کے صدر احسن ڈار اور خرم بٹ بھی شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے چانسلر کرسچئین کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات میں جرمن زبان میں گفتگو کی ،یہ پاکستان کے کسی بھی وزیراعظم کی بیرون ملک دورے پر غیرملکی زبان میں پہلی تقریر ہے۔
وزیراعظم نے جرمن زبان میں کہا کہ جناب چانسلر آپ سے دوبارہ ملاقات پر مجھے خوشی ہوئی مجھے آپ کے ساتھ گزشتہ سال نیویارک میں ہونے والی ملاقات یاد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کے دور صدارت نیز پاکستان اور آسٹریا کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی سے بہت متاثر ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب میں جوان تھا تو آسٹریا آیا تھا میں نے موزارٹ کے شہر سالز برگ اور یہاں ویانا میں شوئن برن محل کا دورہ کیا مجھے گرمائی رہائش گاہ میں خوش آمدید کہا گیا۔
میں نے ویانا اسٹیٹ کا دورہ کیا جہاں میں نے ویانا کی کافی کا بھی لطف اٹھایا جو شاندار اور عمدہ تھی ۔
لاہور میں ہمارے پاس آسٹریا کے تعاون سے قائم کیا گیا ایک ثقافتی سینٹر بھی ہے جس کا میں پیٹرن ہوں،یہ ثقافتی تعاون پاکستان اور آسٹریا کے درمیان دوستی کو فروغ دینے میں بہت معاون ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کے لیے پاکستان کے عوام کی والہانہ نیک تمنائیں اور اپنی حکومت کا واضح پیغام لے کر آیا ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا رمضان ریلیف پیکج کا اعلان: مستحقین کے لیے جدید اور شفاف نظام متعارف
پاکستان کاروبار کے لیے کھلا ہے اور پاکستان آسٹریا شراکت داری کے نئے مرحلے کے لیے تیار ہے میری حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں،ہم آسٹریائی دوستوں کو خوش آمدید کہیں گے کہ وہ پاکستان میں موجود وسیع مواقع سے استفادہ کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں آسٹریا کی جی ایس پی پلس کی بابت پاکستان کی حمایت کا بھی خلوص دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا،آئیے ہم مل کر عمومی تجارت، علمی تبادلوں اور نئے پیدا شدہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ہنر مند مزدور، نقل و حمل اور فنی تربیت ہمارے تعاون کے مرکزی شعبہ جات ہو سکتے ہیں آئیے ہم مل کر غیر قانو نی ہجرت کا مقابلہ کریں، آئیں ہنر مند پاکستانی نوجوانوں کو آسٹریا میں ملازمتوں تک رسائی فراہم کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ کے پہلے سے ہی دیگر ممالک کے ساتھ اسی طرح کے معاہدے موجود ہیں پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس میں بلند پہاڑ اور شاندار مناظر ہیں۔ہماری خواہش ہے کہ آپ شعبہ سیاحت کی ترقی میں تعاون کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جناب چانسلر میں آپ کا بہت بھرپور استقبال کرنے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، آنے والے برسوں میں ہمارے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا متمنی ہوں اور میں آپ کو پاکستان آنے کی دعوت دیتا ہوں اور وہاں آپ کا گرمجوشی سے استقبال کروں گا۔
بعد ازاں وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر کے درمیان دوطرفہ اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔




