مظفر آباد کے شہریوں کی رضاکارانہ رمضان سستے بازارلگانے کی پیشکش

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)کمشنر مظفرآباد مسعود الرحمان سےسرپرست پبلک ایڈ کمیٹی شیخ طاہر قیوم کی قیادت میں وفد کی ملاقات،شہر کی تزئین و آرائش میں حصہ ڈالنے کے علاوہ آمدہ رضاکارانہ رمضان بازار قائم کرنے کی تجویز پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان سےسرپرست پبلک ایڈ کمیٹی / چیئر مین وسیلہ ویلفیئر آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) شیخ طاہر قیوم، سید سلیم شاہ چیئرمین پبلک ایڈ کمیٹی، خالد محمود زیدی صدر پبلک ایڈکمیٹی، عبدالرحمان آزاد جنرل سیکرٹری پبلک ایڈ کمپنی فاروق ڈار نائب صدر پبلک ایڈ کمیٹی اور قاضی تنویر کی قیادت میں عوامی نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی نے سول سوسائٹی اور سرکاری محکمہ جات کے ساتھ مل کر مظفرآباد شہر کی تزئین و آرائش میں حصہ ڈالنے کے علاوہ آمدہ رمضان کے دوران رضاکارانہ طور پر ایسے بازار لگانے کی تجویز پیش کی جس میں ہر خاص و عام کو معیاری اشیاء خوردونوش انتہائی مناسب قیمت پر فراہم کی جائیں گی۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے  وفد کے اس اقدام کو بہت سراہا اور اس ضمن میں مناسب مقامات پر سستے عوامی بازار لگائے جانے پر زور دیا۔ کمشنر نے وفد کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) مظفرآباد فوکل پرسن ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کا اس طرح رضاکارانہ طور پر اپنے شہر کی تزئین و آرائش میں حصہ لینا اور عوام الناس کی سہولت کیلئے رمضان بازار لگانا  خوش آئند کام ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کا سیاسی نظام بکھرنے جا رہا،نیلم سے تمام مکروہ روایات کو علی الاعلان ختم کرونگا، میاں اخلاق الرسول

Scroll to Top