آئی سی سی آئی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف اہم مقابلے میں شکست نے پاکستان ٹیم کیلئے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کا راستہ مشکل بنا دیا ہے ۔
اس میچ کے نتیجے نے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن کو متاثر کیا بلکہ ٹیم کے نیٹ رن ریٹ کو بھی شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث آگے بڑھنے کی صورت حال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے ۔
بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر گروپ اے سے سپر ایٹ مرحلے کیلئے اپنی جگہ پکی کر لی۔ اس بڑی ہار کے بعد پاکستان کا نیٹ رن ریٹ، جو پہلے مثبت 0.932 تھا، گر کر منفی 0.403 ہو گیا۔ نیٹ رن ریٹ میں اس نمایاں کمی کے باعث پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر امریکا سے بھی نیچے چلا گیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈ کپ 2026: امریکا نے نمیبیا کو 31 رنز سے شکست دے دی
دوسری جانب امریکا نے چار میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں اور اس کا نیٹ رن ریٹ 0.788 ہے، جو اسے پاکستان پر برتری دیتا ہے۔ اس صورت حال نے گروپ میں مقابلے کو مزید سخت بنا دیا ہے، جہاں ہر ٹیم کے لیے اگلا میچ انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے ۔
پاکستان کو اب سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی اُمید برقرار رکھنے کیلئے اپنا آخری گروپ میچ ہر صورت جیتنا ہوگا۔ قومی ٹیم کا یہ فیصلہ کن مقابلہ نمیبیا کیخلاف 18 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں کامیابی نہ صرف پوائنٹس کے لحاظ سے ضروری ہے بلکہ بہتر رن ریٹ بھی پاکستان کے امکانات کو مضبوط بنا سکتا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ : بھارتی میڈیا نے پاکستان کے اسپن اٹیک کو مضبوط ترین ہتھیار قرار دیدیا
یوں پاکستان کے لیے اب واپسی کا راستہ موجود تو ہے، مگر اس کیلئے ٹیم کو دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی تاکہ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کا خواب زندہ رکھا جا سکے ۔




