اسلام آباد( ویب ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے سیمی فائنل تک دفاعی چیمپئن اور میزبان پاکستان کی رسائی بظاہر مشکل ہوگئی مگر امکان اب بھی باقی ہے اور پاکستان کی ایونٹ کے 2 میچز میں شکست کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں اگر مگر سے جڑگئی ہیں۔
میگا ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور بھارت سے لگاتار شکست کے باوجود پاکستان تکنیکی طور پر ٹورنامنٹ سے آؤٹ نہیں ہوا۔پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر برقرار رکھنے کیلئے نیوزی لینڈ کا دونوں میچز بھاری مارجن سے ہارنا لازمی ہوگیا ہے۔
پاکستان کو راولپنڈی میں 27 فروری کو بنگلادیش کے خلاف اپنا میچ بھی بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔
نیوزی لینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں آج 24 فروری کو راولپنڈی میں مقابلہ کریں گی۔ اگر نیوزی لینڈ نے میچ جیت لیا یا میچ واش آؤٹ ہوا تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائیگا۔
چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اے میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ 2 مارچ کو شیڈول ہے جبکہ 27 فروری کو بنگلادیش اور پاکستان میں مقابلہ ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر دلبرداشتہ پاکستانی کرکٹ شائقین اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے دکھائی دیئے ،سوشل میڈیا پر شائقین نے دلچسپ تبصرے کئے، ایک سوشل میڈیا صارف نے پر میم شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ کوہلی آؤٹ آف فارم ہے؟ پاکستان ٹیم ابھی ٹھیک کر دے گی۔’’سٹیڈیم بنانے کا اتنا پریشر تھا کہ ٹیم بنانا بھول گئے‘‘
ایک اور نوجوان نے لکھا چار دن میں ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر‘ایک نے تو پاکستان اور بنگلہ دیش میچ کی ٹکٹ برائے فروخت لگا دی،ایک صارف کا کہنا تھاکہ انڈین کرکٹ ٹیم کو بھی غصہ آ رہا ہوگا کہ کھیلنا نہیں تھا تو پھر بلایا کیوں؟
ایک اور صارف نے لکھا ’سوچیں آپ 30 سال بعد آئی سی سی ٹورنامنٹ ہوسٹ کریں اور سب سے پہلے باہر ہوجائیں۔ایک صارف نے لکھا ’نیوزی لینڈ بنگلہ دیش اور انڈیا سے ہارے گا پھر بنگلہ دیش پاکستان سے ہارے گا اور ہم سیمی فائنل جیتیں گے اور فائنل میں انڈیا کو شکست دیں گے۔
ایک اور سوشل میڈیا پوسٹ میں مزاحیہ میم شیئر کی گئی جس میں لکھا گیا دوست نے پاکستانی کی جرسی آرڈر کی تھی، جرسی آنے سے پہلے ٹیم واپس آ گئی۔ ایک اور صارف نے لکھا ’پڑوسیو (انڈیا والو) آپ ٹوئٹر پر ہمارا مذاق نہیں بنا سکتے، اس سے پہلے ہی اپنے وی پی اینز بند کردیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنزٹرافی،بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی،کوہلی کی سنچری




