پاکستان

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستان کو 61رنز سے شکست دے دی

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے ہرا دیا ۔ 176 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 18ویں اوور میں 114 رنز بنا کرآل آؤٹ ہو گئی ۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کا اہم میچ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا گیا ۔ ٹاس کے بعد بھارتی کپتان نے سپرٹ آف کرکٹ کی پھر خلاف ورزی کی اورپاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا ۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 176 رنز کا ہدف دے دیا تھا تاہم پاکستان کی بیٹنگ لائن اننگز کے شروع سے  ہی مشکلات کا شکار ہو گئی اور میچ کے ختم ہونے تک کوئی بھی  کھلاڑی  کریز پرجم کر نہ کھیل سکا۔

قومی ٹی کے تمام کھلاڑی 114 رنز ہی بنا سکے ۔ صرف تین کھلاڑی ڈبل  فیگر میں داخل ہو سکے جبکہ تین کھلاڑی صفر پرپویلین لوٹ گئے۔

پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں  بُرا آغاز کیا ۔ پہلے ہی اوور میں قومی ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے میدان بدر ہوئے ۔ اسکور 6 پر پہنچا تودوسری وکٹ بھی گر گئی ۔ صائم ایوب 6 رن بناکر بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔

قومی ٹیم کے تیسری وکٹ بھی جلد ہی گر گئی جب 13 کے مجموعی اسکور پر کپتان سلمان آغا صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 34 کے اسکور پر گری جب سابق کپتان بابر اعظم پانچ رنز بنا کروکٹ دے بیٹھے ۔

پاکستاننے 73 کے اسکور پر 5ویں وکٹ گنوائی ۔ عثمان خان 44 رنز بنا کر اکشر کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے جبکہ پاکستان کے مجموعی 78 رن پر چھٹا کھلاڑی بھی آوٹ ہو گیا ۔ محمد نواز مجموعی اسکور میں صرف 4 رنز کا اضافہ کر سکے ۔

قومی ٹیم کے 78 رنز پر جلد 7ویں وکٹ بھی گر گئی ۔ شاداب خان 14رن بناکر تلک ورما کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ پاکستان کی بھارت کیخلاف 8ویں وکٹ 97 کے مجموعی رنز پر گر گئی ۔ فہیم اشرف 10 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے۔ 97 رنز پر ہی پاکستان کی نویں وکٹ بھی گر گئی ۔ ابرار احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے ۔

بھارتی باؤلر ہاردک پانڈیا، جسپریت بمرا، اکشر پٹیل اور ورون چکرا ورتھی نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں  جبکہ کلدیپ یادیو اور تلک ورما کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں پاکستان نے پہلے اوور میں ہی بھارت کی اہم وکٹ گرا دی ۔ سلمان آغا نے پہلے اوور میں ہی ابھیشک شرما کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ ابھیشک شرما کا کیچ شاہین شاہ آفریدی نے پکڑا ۔

بھارت کی دوسری وکٹ 88 کے مجموعی رنز پر گر گئی۔ ایشن کشن نے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 77 رن بنائے۔ وہ صائم ایوب کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔

بھارت کی تیسری وکٹ 126 کے مجموعی رنز پر گر گئی۔ صائم ایوب کی گیند پر تلک ورما 25 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ جبکہ اگلی گیند پر ہی صائم ایوب نے ایک اور بھارتی کھلاڑی ہاردک پانڈیا کی وکٹ لے لی۔ ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔

بھارت کی پاکستان کیخلاف پانچویں وکٹ 159 کے مجموعی رنز پر گر گئی۔ عثمان طارق کی گیند پر سوریا کمار یادیو 32رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی چھٹی 174 کے مجموعی اسکور پر گری۔ جب شیوم دوبے 27 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے 175 رنز اور اننگز کی آخری گیند پر ساتویں وکٹ بھی گر گئی۔ شاہین آفریدی نے آخری گیند پر اکشر کو بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے اکشر پٹیل کا کیچ پکڑا۔

صائم ایوب نے بہترین باؤلنگ کراتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ جبکہ بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے ابھیشک شرما اور کلدیپ یادیو کو شامل کیا گیا ہے ۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ بھارت کیخلاف مقابلے کیلئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پورا فوکس میچ پر ہو گا۔ اور ہمیں اندازہ ہے کہ اس طرح کی پچز پر کیسے کھیلنا ہے ۔

پاکستان پلئینگ الیون:

قومی کرکٹ ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے ۔

بھارت پلئینگ الیون:

بھارتی ٹیم میں کپتان سوریا کمار یادیو، ابھیشیک شرما، تلک ورما ، شیوم دوبے، ایشان کِشن، ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، ورون چکرا ورتھی، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور رنکو سنگھ شامل تھے ۔

Scroll to Top