مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے شاہینوں سے بڑی توقعات وابستہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم ہمیشہ دباؤ کے لمحات میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی میدان میں بھرپور جذبے اور عزم کے ساتھ اتریں گے ۔
راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اپنے بیان میں کہا کہ کھیل محض جیت اور ہار کا نام نہیں بلکہ یہ قومی وقار، اتحاد اور حوصلے کی علامت بھی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکل حالات میں ہمیشہ متحد رہی ہے اور یہی اتحاد ٹیم کیلئے سب سے بڑی طاقت ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا اربوں روپے کے آپٹیکل فائبر منصوبے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستان نے معرکۂ حق میں بھارت کو شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی، اسی طرح کرکٹ کے میدان میں بھی قومی ٹیم بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے حریف کے غرور کو خاک میں ملا سکتی ہے ۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ مثبت ذہنیت کے ساتھ کھیلیں اور اپنی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد رکھیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیم ڈسپلن، محنت اور ٹیم ورک کے ذریعے شائقین کرکٹ کو ایک یادگار فتح کا تحفہ دے گی ۔
انہوں مزید کہا کہ کشمیری عوام سمیت پوری پاکستانی قوم ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا اوورسیز کنونشن کیلئے تیاریاں مکمل کرنے کا حکم
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی ٹیم کی ہر کامیابی ملک میں خوشی اور یکجہتی کا پیغام لاتی ہے، اور یہی جذبہ قوم کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے ۔




