پاک بھارت کرکٹ مقابلہ ایک بار پھر شائقین کے جوش و خروش کو عروج پر لے آیا ہے کیونکہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ آج کولمبو میں کھیلا جائے گا ۔
روایتی حریفوں کے درمیان اس ہائی وولٹیج ٹاکرے کا کاؤنٹ ڈاؤن مکمل ہو چکا ہے اور میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا ۔ دونوں ٹیمیں میدان میں اترنے کیلئےمکمل طور پر تیار ہیں، جہاں مہارت، حکمت عملی اور اعصاب کی مضبوطی کا حقیقی امتحان ہوگا ۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے ۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی تاکہ بڑے مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھائی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دال چاول اچھا ہے ، بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کا جواب وائرل
گرین شرٹس خاص طور پر اپنی مضبوط بولنگ لائن اپ پر انحصار کریں گے، جس سے بھارتی بیٹنگ کو چیلنج درپیش ہوگا ۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم نے بھی اپنی تیاریوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور نیٹ سیشن کے دوران ایسے بولرز کا سامنا کیا جن کا انداز پاکستانی اسپنر عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن سے ملتا جلتا تھا، تاکہ میچ میں کسی بھی حیران کن صورت حال سے نمٹا جا سکے ۔
اس بڑے مقابلے کے لیے کولمبو میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو اس میچ کا بے صبری سے انتظار ہے ۔ تاہم موسم ایک اہم عنصر بن کر سامنے آ رہا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عثمان طارق ٹیم کا خاص ہتھیار ہیں : قومی کپتان سلمان علی آغا
سری لنکن محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں کم دباؤ کا نظام بن رہا ہے، جس کے اثرات کولمبو تک پہنچ سکتے ہیں۔ پیشگوئی کے مطابق میچ کے دوران بارش کا امکان موجود ہے جو کھیل کے تسلسل کو متاثر کر سکتی ہے۔ اس کے باوجود اُمید کی جا رہی ہے کہ شائقین کو ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا ۔




