مراد سعید

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما مراد سعید نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما مراد سعید نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے، جس سے ملکی سیاست میں ایک بار پھر ہلچل پیدا ہو گئی ہے ۔

انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو خط کے ذریعے بھی بھیجا اور ساتھ ہی پارٹی کو بھی ہدایت کی کہ سینیٹ، قومی اسمبلی، پنجاب اور سندھ اسمبلی سے فوری طور پریکجا استعفے دئیے جائیں ۔

استعفے میں مراد سعید نے موجودہ پارلیمنٹ پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ پارلیمنٹ عوام کے مینڈیٹ کی توہین میں شریک ہے اور اس کی بنیاد جعلی اور ناجائز ہے ۔

ان کے بقول پی ٹی آئی کو تمام پارلیمانی نمائندوں کے ذریعے ایک مضبوط اور یکساں موقف اختیار کرنا چاہیے تاکہ عوامی حقوق کی حفاظت درست معنوں میں کی جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جنید اکبر کا پی ٹی آئی سیٹ چھوڑ کر آزاد حیثیت سے بیٹھنے کا اعلان

پی ٹی آئی نے مراد سعید کے استعفے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد پارٹی میں سیاسی اور انتظامی حوالے سے ایک نیا باب کھل گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق مراد سعید 2025 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے لیکن انہوں نے تاحال حلف نہیں اٹھایا تھا اور ان کے استعفے نے پارٹی کے سیاسی لائحہ عمل کو مزید واضح کر دیا ہے ۔

مراد سعید کے اس اقدام کو پارٹی کی حکمت عملی اور موجودہ سیاسی ماحول کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے ۔ ان کے مطابق یہ ضروری ہے کہ تمام پی ٹی آئی نمائندے عوامی اعتماد کے مطابق متحد ہوں اور پارلیمانی سطح پر عوام کے مینڈیٹ کی حفاظت کیلئےاقدامات کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی قریب ہے : خواجہ فاروق

سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مراد سعید کے استعفے کے بعد پارٹی میں احتجاجی اور جارحانہ حکمت عملی کو تقویت مل سکتی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے اثرات ملکی سیاسی منظرنامے پر نمایاں طور پر دیکھے جا سکتے ہیں ۔

Scroll to Top