فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جرمنی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے میونخ میں منعقد ہونے والی 62ویں سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کی ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے موقع پر پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و فیلڈ مارشل نے مختلف عالمی رہنماؤں اور سینئر حکام سے ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی ، عالمی امن اور دہشت گردی کے خلاف تعاون جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی وزیر خارجہ سمیت دیگر اعلیٰ امریکی حکام سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں 19 ممالک کی افواج کا بڑا ٹکراؤ! 60 گھنٹے کی کٹھن مشقیں مکمل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دشمنوں کو دو ٹوک پیغام
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے جرمن وزیر داخلہ ، مشیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں ۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی اشتراک ، پیشہ ورانہ تبادلوں اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
مزید برآں فیلڈ مارشل نے برازیل کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف اور لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر سے بھی ملاقات کی، جہاں دفاعی تعلقات کے فروغ اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بات چیت ہوئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:افواج پاکستان تیار،ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا،فیلڈ مارشل عاصم منیر
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔




