باغ (کشمیر)وفاقی محتسب جاوید ایوب کی باغ آمد، عوام کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری لگائی، جس میں شہر اور گرد و نواح سے آئے ہوئے لوگوں نے اپنے مسائل پیش کیے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر باغ، عاصم خالد اعوان اور آفیسر مال سبیل منہاس بھی موجود تھے اور مختلف وفاقی اداروں کے نمائندگان نے بھی حصہ لیا ۔
کچہری میں عوام کی طرف سے سب سے زیادہ شکایات موبائل نیٹ ورک کی کمزوری، بینظیر انکم سپورٹ میں بے ضابطگیاں، اور واپڈا کی طرف سے بجلی کے مسائل کے حوالے سے کی گئیں ۔
شہریوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں موبائل سگنل غیر فعال یا کمزور ہونے کی وجہ سے رابطہ میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ، بی آئی ایس پی کے تحت امدادی رقم کی تقسیم میں بے ضابطگیوں اور شفافیت کی کمی پر بھی عوام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیواہ خواتین کی مالی امداد کا کیس پاکستان بیت المال کوارسال کردیا،جاوید ایوب
واپڈا کے حوالے سے شہریوں نے شکایت کی کہ بجلی کی غیر منصوبہ بندی، بلنگ کے مسائل اور غیر معیاری سروس کے باعث مشکلات پیش آ رہی ہیں ۔ دیگر مسائل میں سرکاری اداروں کی بروقت خدمات کی فراہمی اور عوامی شکایات کے فوری حل کی ضرورت شامل تھی ۔
وفاقی محتسب نے تمام شاکیان کے مسائل کو غور سے سنا اور ہر سوال کو پوائنٹ ٹو پوائنٹ اپنی ڈائری میں درج کیا ۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ حل طلب امور پر جلد از جلد کاروائی کی جائے گی اور ذمہ داران کی کارکردگی کی رپورٹ وفاق کو پیش کی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار عبدالقیوم خان ادارہ جاتی سے زیادہ ووٹ کی طاقت سے احتساب کے حامی تھے، جاوید ایوب
کچہری کے اختتام پر جاوید ایوب نے زور دیا کہ عوامی شکایات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور وفاقی ادارے اپنی ذمہ داریوں کو شفاف انداز میں ادا کریں گے ۔ شہریوں نے بھی وفاقی محتسب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ ان کے مسائل حل ہوں گے اور خدمات میں بہتری آئے گی ۔




