نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے پاکستان کے اسپن اٹیک کو مضبوط ترین ہتھیار قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارتی ٹیم کو ان سے محتاط رہنا ہوگا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے اسپنرز بھارتی بیٹسمینوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں اور اگر کولمبو کی کنڈیشنز سازگار رہیں تو یہ حملہ اور بھی زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے اسپن اسلحہ خانہ میں ابرار احمد ، شاداب خان ، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق شامل ہیں جو میچ کے دوران اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ خاص طور پر مڈل اوورز میں یہ اسپنرز بھارتی بیٹرز کی رفتار سست کرنے اور ان کی پلاننگ کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت ٹاکرا: ایئرلائن ٹکٹوں کی قیمت میں 500 گنا اضافہ
میڈیا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ نمیبیا کیخلاف میچ میں اسپنرز کے خلاف بھارتی بیٹسمینز کی کارکردگی تشویشناک رہی کیونکہ پانچ بھارتی بیٹسمینز اسپنرز کے خلاف آؤٹ ہوئے ۔ یو ایس اے کیخلاف بھی تین بیٹسمین اسپنرز کے سامنے آوٹ ہوئے جو ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی ٹیم کو اسپن کیخلاف کھیلنے میں دشواری ہو رہی ہے ۔
اگرچہ بھارت اس میچ میں بلاشبہ فیورٹ ہے لیکن ٹیم میں چھوٹی کمزوریاں موجود ہیں جو بڑے ٹورنامنٹس میں مہنگی ثابت ہو سکتی ہیں ۔ بھارتی میڈیا کا خیال ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں یہی چھوٹے نقائص بڑے فرق ڈال سکتے ہیں، اور اسپنرز کیخلاف بیٹسمینز کا دباؤ یا سست روی میچ کے نتیجے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکا میں قومی کرکٹرز کے لیے ‘گھر کے کھانے’ میسر: پی سی بی کا بڑا فیصلہ
رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کو سب سے پہلے اسپن کو ڈی کوڈ کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کے اسپن اٹیک پر قابو پایا جا سکے ۔ اسپنرز کی مہارت اور مڈل اوورز میں بھارتی بیٹسمینز کو روکنے کی صلاحیت، میچ کے اہم ترین عناصر میں سے ایک سمجھی جا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے اسپن اٹیک کو اس مقابلے کا فیصلہ کن ہتھیار قرار دیا ہے ۔




