مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتازراٹھور کا پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تمام پولیس کے ضروری ساز وسامان کا بجٹ دوگنا کرنے کا اعلان۔
پولیس کے شہداء کی فیملیز کیلئے پیکیج کا ازسرنو جائزہ لینے، پولیس فورس کی کیپسٹی بلڈنگ کیلئے حسب ضرورت فورس کی تعداد میں اضافے، پولیس لائن کی مارچ بیٹ کی پختگی، پولیس لائن میں لیڈی پولیس کیلئے بیرکوں کی تعمیر، بجٹ میں پولیس جوانوں اور آفیسران کی تنخواہ و مراعات یکساں طور پر پنجاب کے برابر کرنے، تینوں ڈویژنوں میں رمضان کے بعد پولیس دربار کا انعقاد کرنے کا اعلان۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں 61ویں ریکروٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پولیس فورس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی وردی وقار کی علامت ہے، پولیس نے ہمت و حوصلے سے ہر مشکل کا مقابلہ کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسسٹنٹ کمشنر عباسپور شہزاد نسیم عباسی کا ڈرائیور پر تشدد ، ہسپتال منتقل
مسلح افواج پاکستان اور پولیس کے جوان امن کے نفاذ اور عوام کی حفاظت کے لیے انگنت قربانیاں دے رہے ہیں، زلزلہ سیلاب سمیت دیگر قدرتی آفات اور خوفناک موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران ہر آزمائش میں پولیس کی ریسکیو معاونت ہماری درخشندہ تاریخ کی بہترین نظیر ہے۔
وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہا کہ آزادکشمیر میں گزشتہ عرصہ میں غیر یقینی حالات میں آزاد جموں و کشمیر پولیس نے عزم و ہمت کی تاریخ رقم کی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ الحمد اللہ ریاست بہتری کی جانب گامزن ہے، پولیس کے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، پولیس فورس کی مشکلات کا ادراک ہے پولیس فورس کو درپیش مشکلات کا مؤثر حل نکالا جائے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پولیس پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس ذمہ داری سے فرائض منصبی سر انجام دیں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کا کلچر محبت اور حیا پر مبنی ہے، حکومت فورس کے مسائل حل کرنے اور پولیس کی استعداد کار و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام نظام کے محور میں مرکزی کردار رکھتے ہیں ، موجودہ حکومت فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ، نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے ، انشاء اللہ خدمت کا یہ مشن جاری رہے گا ۔




