استعفیٰ منظور کیا جائے،ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود نے اپنا استعفیٰ دوبارہ بھیج دیا

اسلام آباد:آزادکشمیر کے ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ نےاستعفیٰ منظور نہ ہونے پر دوبارہ استعفیٰ حکومت کو بھجوا دیا ہے اور استدعا کی ہے کہ استعفیٰ منظور کیا جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ انہیں سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے انہیں ایڈووکیٹ جنرل تعینات کیا تھا اور چوہدری انوارالحق کی وزارت عظمی کے منصب سے فراغت کے بعد وہ یہ سمجھتے ہیں کہ انکا ایڈووکیٹ جنرل کے منصب پر فائز رہنا اخلاقی طور پر درست نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیرکی عدم تعیناتی،ایڈووکیٹ جنرل سے تحریری جواب طلب

شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ نے 13 جنوری2026 کو اپنا استعفیٰ ارسال کر دیا تھا جو کہ منظور نہیں کیا گیا لہذا گذشتہ روز انہوں نے دوبارہ اپنا قلمی تحریری استعفیٰ مجاز اتھارٹی کو ارسال کر دیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ وہ 11 فروری 2026 سے ایڈووکیٹ جنرل آفس چھوڈ رہے ہیں۔

قبل ازیں 13 جنوری 2026 کو لکھے گئے استعفے میںایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ نے موقف اپنا یا تھا کہ مجھے یہ بتانے کا اعزاز حاصل ہے کہ مجھے سبکدوش ہونے والی حکومت کے وزیراعظم کے مشورے پر ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں و کشمیر تعینات کیا گیاتھا ۔

حکومت کی تبدیلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان اور توانا وزیر اعظم کے نئی حکومت سنبھالنے کے پیش نظر، اور اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کہ ایڈووکیٹ جنرل کا دفتر بنیادی طور پر سیاسی اور اعتماد پر مبنی آئینی عہدہ ہے،میں اسے اخلاقی، روایتی اور جمہوری طور پر مناسب سمجھتا ہوں کہ استعفیٰ دوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ یہ قدم نئی حکومت کو اپنی صوابدید پر، اپنے اعتماد کے کسی فرد کو ایڈووکیٹ جنرل کے طور پر مقرر کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ دفتر کا آئینی کام آسانی سے اور مؤثر طریقے سے جاری رہ سکے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کیلئے جسٹس(ر) مصطفی مغل کا نام فائنل

شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ نے استعفے میں لکھا تھا کہ 10فروری 2026تک یا اس سے پہلے جیسے آپ کو مناسب لگے میں اپنا استعفیٰ پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے دور اقتدار کے دوران مجھ پر اعتماد کیلئے شکر گزار ہوں اور نئی حکومت کو اس کی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل شیخ مسعود اقبال ایڈووکیٹ کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

Scroll to Top