آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں موسم کی حالیہ تبدیلی کے بعد مطلع صاف ہو گیا ہے اور خوشگوار دھوپ نکل آئی ہے، تاہم شدید برف باری کے اثرات اب بھی کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، ریاست کی جملہ بین الاضلاعی رابطہ شاہرات اس وقت ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی ہیں، لیکن بالائی سیاحتی مقامات تک رسائی اب بھی محدود ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشہور سیاحتی مقام تولی پیر کے لیے جانے والا راستہ تاحال بند ہے، جبکہ سُدھن گلی اور لس ڈنہ کے مقامات پر بھی برف باری کے باعث آمد و رفت معطل ہے۔ سیاحوں کے لیے معروف مقام پیر چناسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بابو چوک بٹلیاں تک راستہ کھلا ہے، تاہم اس سے آگے برف کی موجودگی کے باعث سفر ممکن نہیں ہے۔ وادی نیلم میں کیل سیری تک شاہراہ ٹریفک کے لیے کھلی ہے، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو کسی حد تک سہولت میسر آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بادلوں کا راج، پہاڑوں پر برفباری؛ جاتی سردی کو بریک لگ گئی
دوسری جانب، وادی لیپہ کا رابطہ تاحال منقطع ہے اور وہاں جانے والا راستہ برف باری کی وجہ سے بند پڑا ہے۔ انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی شاہراہ جہلم پر اس وقت صورتحال معمول کے مطابق ہے اور وہاں ہر قسم کی ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں میں جانے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی سے قبل راستوں کی تازہ ترین صورتحال کو مدنظر رکھیں۔




