مسقط:خلیجی ممالک میں اونٹوں کے روایتی مقابلہ حسن میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب مصنوعی طریقوں سے خوبصورتی بڑھانے کی پاداش میں درجنوں اونٹوں کو مقابلے سے نا اہل قرار دے دیا گیا۔ عمان میں منعقدہ اس سالانہ میلے میں مالکان کی جانب سے اونٹوں کو پرکشش بنانے کے لیے بوٹوکس انجکشنز لگوانے کا انکشاف ہوا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، عمان میں ہونے والے اونٹوں کے مقابلہ حسن میں 20 اونٹوں کو صرف اس بنیاد پر نکال دیا گیا کہ ان کی خوبصورتی قدرتی نہیں تھی بلکہ ان کے مالکان نے انہیں بوٹوکس اور دیگر کاسمیٹک پروسیجرز سے گزارا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اونٹوں کو پرکشش بنانے کے لیے مصنوعی اشیاء یا طبی مداخلت کا استعمال قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس پر سخت پابندی عائد ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا انوکھا منصوبہ
واضح رہے کہ خطہ عرب اور خلیجی ممالک میں اونٹ کو شان و شوکت کی علامت سمجھا جاتا ہے اور ان کے مقابلہ حسن باقاعدگی سے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ماضی میں سعودی عرب میں بھی اسی طرح کے واقعات سامنے آ چکے ہیں جہاں خوبصورتی کے لیے مصنوعی طریقے اپنانے پر متعدد اونٹوں کو نا اہل قرار دیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اب خوبصورتی بڑھانے کے طریقے صرف انسانوں تک محدود نہیں رہے، بلکہ جانوروں کے مالکان بھی مقابلوں میں جیت کے لیے بوٹوکس جیسے انجکشنز کا سہارا لے رہے ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مقابلوں کی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ایسے کسی بھی عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔




