جہلم ویلی:فوڈ اتھارٹی جہلم ویلی کی چناری ،چکوٹھی بازار میں فوڈ پوائنٹس کا معائنہ۔ مختلف دکانوں سے غیر رجسٹرڈ /فوڈ سیفٹی قوانین کے مغائر فروخت ہونے والے پاپڑ، سلانٹی اور ٹافیاں ضبط کر لی گئیں۔
کارروائی اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز ارشد محمود، راجہ احمد نے معاون عملہ کے ہمراہ کی۔ خلاف ورزیوں پر متعلقہ فوڈ بزنس آپریٹرز پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کاقیام، وفد اہم دورہ پر لاہور پہنچ گیا
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق یہ اشیائے خوردونوش براہِ راست بچوں کے استعمال سے تعلق رکھتی ہیں جو بچے روزمرہ میں شوق سے کھاتے پیتے ہیں، اس لیے غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ اشیاء بچوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق غیر رجسٹرڈ اور بغیر لیبارٹری رپورٹس کے اشیائے خوردونوش کی فروخت اور ترسیل قانوناً ممنوع ہے، صرف وہی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی اجازت ہے جو فوڈ اتھارٹی سے رجسٹرڈ اور منظور شدہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: بھمبر:فوڈ اتھارٹی کا گرینڈ آپریشن،ہزاروں لیٹر دودھ تلف،مقدمہ درج
حکام نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات بلا تعطل جاری رہیں گے اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر معیاری خوراک کی نشاندہی فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




