اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر خواتین ونگ کی تنظیم نوکرتے ہوئے نئی مرکزی تنظیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔پیپلزپارٹی قیادت نے سابق ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار کوپیپلز پارٹی آزادکشمیر خواتین ونگ کی صدر مقرر دیا ہے۔
شگفتہ نورین کاظمی سیکرٹری جنرل ، ارفع شہزادی چیف آرگنائزر، زوبیہ خورشید راجا سیکرٹری انفارمیشن نامزد کردی گئی ہیں اوراس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آزادکشمیر کا انتخاب، آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا
شاہین کوثر ڈار سے پہلے وزیر حکومت نبیلہ ایوب پیپلزپارٹی آزادکشمیر خواتین کی صدر تھیں جبکہ شگفتہ نورین کاظمی بطور نائب صدر ذمہ داریاں سرانجام دے رہی تھیں۔
ارفع شہزادی پیپلز پارٹی آزادکشمیر خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری تھیں جنہیں اب چیف آرگنائزرکی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
زوبیہ خورشید راجا جنہیں دو روز قبل وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر بنایا گیا تھا کو انفارمیشن سیکرٹری نامزد کیا گیا ،ا س سے قبل پیپلزپارٹی کی عہدیدار نہیں تھیں۔مرکزی تنظیم سازی کے بعد مزید عہدیداروں کی نامزدگیوں کا بھی امکان ہے۔
دریں اثناشاہین کوثر ڈار نے کہاہے کہ نامزد گی پر صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور ،صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین، سکرٹری جنرل فیصل ممتاز راٹھور ، قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبراور چوہدری ریاض کی مشکور ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: صدارتی عہدے پر ڈیڈ لاک برقرار، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن آمنے سامنے
انہوں نےکہا کہ قیادت کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں کے انہوں نے مجھے پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کے صدر کے لیے میرا انتخاب کیا ہے ۔
ہم انشاءاللہ اپنی ٹیم کیساتھ اور قیادت کی مشاورت اور راہنمائی سے پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کو ناقابل تسخیر قوت بنا ئیں گے اور بھٹو ازم کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر یں گے ۔





