مظفرآباد،ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کااجلاس، سیاحوں کو انٹری پوائنٹس پر ٹیگ جاری کرنیکا فیصلہ

مظفرآباد :کمشنر مظفر آباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین کی زیر صدارت ریجنل/ ڈویژ نل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیاحوں کو انٹری پوائٹس پر ٹیگ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں کمانڈر دن اے کے بریگیڈ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ریجن) مظفر آباد ، ڈی جی ایس ڈی ایم اے ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم ڈی اے ، نائب مہتمم ہائی وے ، مہتمم برقیات ، ڈپٹی سیکرٹری داخلہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی ،ڈپٹی کمشنر مظفر آباد ، ڈپٹی کمشنر نیلم نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: برفباری،81 پھنسے سیاح ریسکیو کرلئے،متعلقہ ادارے الرٹ،ایس ڈی ایم اے

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی ، میئر بلد یہ مظفر آباد، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس مظفر آباد، سپر نٹنڈنٹ پولیس جہلم ویلی ، سپر نٹنڈنٹ پولیس نیلم ویلی ، سپر نٹنڈنٹ پولیس سپیشل برانچ مظفر آباد، سپر نٹنڈنٹ پولیس سی ٹی ڈی ، ڈی ایس پی ٹریفک اور سکیورٹی ایجنسیز کے آفیسران / نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنر مظفر آباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین کہا کہ فورم کا مقصد ڈویژن میں عوامی خدمت کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینا اور مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا ہے ۔

انہوں نے ترقیاتی منصوبہ جات کی بر وقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منصوبہ جات کے لیے فنڈز مہیا کیے ہیں محکمہ جات عوامی سہولیات کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کو مکمل کریں تاکہ لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں۔

انٹری پوائنٹ پر چیکنگ کا نظام بہتر کیا جائے۔ سرکاری دفاتر ، ہسپتالوں کی سیکورٹی بھی بہتر کی جائے۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ دوران رمضان مساجد کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ کوئی بھی مشکوک شخص نظر آئے تو متعلقہ تھانہ میں اسکی رپورٹ کی جائے۔

اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صور تحال کا جائزہ لیتے ہوئےفیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس میں امن و امان کی صور تحال کو یقینی بنانے ، جرائم کے خاتمہ ، ٹریفک مسائل کے خاتمہ سمیت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر آزاد کشمیر میں مختلف منصوبہ جات پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی بر وقت تکمیل کے لیے تمام محکمہ جات کو آرڈی نیشن سے کام کریں گے۔

اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفر آباد ڈویژن اور کمانڈرون اے کے بریگیڈ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملد رآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید بہتر بنایا جائے۔

امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ بھر پور انداز میں کام کرے۔ ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جائے۔ سیاحوں کو سہولیات ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: طوفانی برفباری،پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری،سینکڑوں سیاح ریسکیو

انٹری پوائنٹس پر چیکنگ کے نظام کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ سیاحوں کو چیک کرنے کے بعد ان کا ڈیٹا مرتب کرتے ہوئےٹیگ جاری کئے جائیں تا کہ ان کو بار بار چیکنگ کے عمل سے نہ گزرنا پڑے۔ ملک کی انٹرنل سکیورٹی اور امن وامان کو بر قرار رکھنا پو لیس کی ذمہ داری ہے جبکہ ایکسٹرنل سکیورٹی افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے۔

ہمارا مقصد ایک ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم کو آرڈینیشن سے کام کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں ۔ مدارس کی رجسٹریشن یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں حالیہ اسلام آباد دہشت گردی واقع میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لیےفاتحہ اور خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں کمشنر مظفر آباد ڈویژن نے جملہ شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا اور اس کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

Scroll to Top