برطانوی ولی عہد، شہزادہ ولیم اپنے پہلے باضابطہ تین روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نائب امیرِ ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن اور اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان 80 سالہ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سعودی ولی عہد سے ملاقات اور تاریخی مقامات کا دورہ:
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تاریخی علاقے “درعیہ” میں پرنس آف ویلز کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادہ ولیم نے پہلی سعودی ریاست کے مرکز ‘سلویٰ محل’ کا دورہ بھی کیا اور اس تاریخی ورثے کے سامنے اپنی تصاویر بنوائیں جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل آئی سی سی کا بنگلہ دیش سے متعلق بڑا فیصلہ
اقتصادی اور ثقافتی اہمیت:
کینسنگٹن پیلس کے مطابق، اس دورے کا مقصد برطانوی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور سیاسی تعاون کو نئی بلندیوں پر لے جانا ہے۔ یاد رہے کہ 2025 میں برطانوی وزیرِ خزانہ کے دورے کے دوران 8.7 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدے طے پائے تھے، اور اب شہزادہ ولیم کا یہ دورہ ان تعلقات کو مزید گہرا کرے گا۔
مزید پڑھیں: رمضان سے قبل گیس کا بحران، منافع خوروں نے قیمتیں 4 ہزار تک پہنچا دیں
اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں شہزادہ ولیم تاریخی شہر “العلا” جائیں گے، جہاں وہ جنگلی حیات کے تحفظ کے منصوبوں کا معائنہ کریں گے اور ‘پرنس آف ویلز ہاؤس’ کا دورہ کریں گے، جو فنون اور ثقافت کے تبادلے کا ایک نیا مرکز ہے۔




