رمضان سے قبل گیس کا بحران، منافع خوروں نے قیمتیں 4 ہزار تک پہنچا دیں

مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی گراں فروشوں نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور وار کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں شہر بھر میں ایل پی جی گیس سلینڈر کی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی ہے۔ منافع خور مافیا نے منظم طریقے سے سپلائی روک کر مارکیٹ میں بحران پیدا کیا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید ذہنی اور مالی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے گیس سلینڈر کا سرکاری نرخ محض 2400 روپے مقرر کیا گیا ہے، لیکن عملی طور پر شہر کے کسی بھی حصے میں اس قیمت پر گیس دستیاب نہیں ہے۔ گراں فروشوں نے اپنی من مانی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے فی سلینڈر 3700 سے 4000 روپے تک میں فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، جو کہ سرکاری نرخ سے تقریباً دگنی قیمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادی لیپا: سخت موسم میں بھی پاک فوج کی عوامی خدمات جاری

انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی اور دیگر متعلقہ ادارے اس سنگین صورتحال پر مکمل طور پر خاموش اور لاعلم دکھائی دیتے ہیں۔ ڈسٹری بیوٹرز سے لے کر عام دکانداروں تک، ہر سطح پر من مانے ریٹس وصول کیے جا رہے ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان کی آمد سے قبل اس لوٹ مار کا نوٹس لیا جائے اور سرکاری نرخوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں: مہنگائی کا نیا جھٹکا، ڈیزل کےبعدمٹی کے تیل کی قیمت میں بھی اضافہ

Scroll to Top