نادرا

نادرا کی بڑی سہولت؛ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدگی پر اب دفاتر کے چکروں سے چھٹکارا

اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے دوبارہ حصول کے عمل کو انتہائی سادہ اور آسان بنا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اب شہریوں کو قومی شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈ کے دوبارہ حصول جیسے معاملات کے لیے مرکزی دفاتر کے طویل سفر یا قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ یہ تمام سہولیات اب ملک بھر میں موجود 2,000 سے زائد ای فرنچائز مراکز پر منتقل کر دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں 19 ممالک کی افواج کا بڑا ٹکراؤ! 60 گھنٹے کی کٹھن مشقیں مکمل، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دشمنوں کو دو ٹوک پیغام

نادرا کے ترجمان سید شباہت علی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدا میں صرف 18 مراکز قائم کیے گئے تھے، تاہم عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تعداد میں ملک بھر میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای فرنچائز سے فائدہ اٹھانے کے لیے اسمارٹ فون یا انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں ہے؛ شہری صرف اپنا شناختی کارڈ نمبر فراہم کر کے، تصویر اور فنگر پرنٹس کی تصدیق کے بعد نیا کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق، ای فرنچائز مراکز پر اب گمشدہ شناختی کارڈ بنوانے کے لیے ایف آئی آر درج کروانے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم، یہ مراکز صرف کارڈ کی تجدید اور گمشدہ کارڈز سے متعلق ہی خدمات فراہم کریں گے۔ ڈیٹا سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہری ‘پاک آئیڈینٹیٹی ایپ’ کے ذریعے اپنے ڈیٹا کے استعمال کی مکمل مانیٹرنگ خود کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: سائبر سیکیورٹی: نادرا نے پاکستان میں پہلا بَگ باؤنٹی چیلنج لانچ کر دیا

خواتین کے لیے بھی ایک اہم رعایت متعارف کروائی گئی ہے، جس کے تحت اب شناختی کارڈ بنوانے کے لیے والدین کے کارڈ کی لازمی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اب خواتین ب فارم، شوہر کی رجسٹریشن یا نکاح نامہ دکھا کر بھی اپنا شناختی کارڈ بنوا سکتی ہیں۔ نادرا کا یہ اقدام عوامی سہولت اور نظام میں شفافیت لانے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top