آزادکشمیر،اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کاقیام، وفد اہم دورہ پر لاہور پہنچ گیا

لاہور:عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری (Static Food Testing Laboratory) کے قیام کے لیے سیکرٹری فوڈ کی قیادت میں آزاد کشمیر کے اعلیٰ سطحی وفد نے پی سی ایس آئی آر لاہور ( PCSIR Laboratory, Lahore) کااہم دورہ کیا ہے۔

عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں آزاد جموں و کشمیر میں اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری (Static Food Testing Laboratory) کے قیام کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،لیبارٹری چیکنگ سے غیر معیاری اشیاء کا بھانڈا پھوٹنے لگا ،مشہور کمپنی کا مکھن بھی ناقص نکلا

اس ضمن میں فوڈ ڈیپارٹمنٹ آزاد جموں و کشمیر/فوڈ اتھارٹی ، سنٹرل ڈیزائن آفس (CDO)، اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کےاعلیٰ افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پی سی ایس آئی آر لاہور (PCSIR Laboratory, Lahore) کا تفصیلی دورہ کیا۔

وفد کی قیادت سیکرٹری فوڈ آزاد جموں و کشمیر نے کی۔ دورے کے دوران وفد نے ڈائریکٹر جنرل پی سی ایس آئی آر، چیف سائنٹیفک آفیسر اور سینئر سائنٹیفک آفیسرز سے ملاقاتیں کیں، جن میں اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری (Static Food Testing Laboratory) کے قیام، تکنیکی تقاضوں، جدید آلات اور آپریشنل امور کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیر میں اسی طرز کی لیبارٹری کے قیام کے لیے مکمل بریفنگ دی گئی ۔

آزاد جموں و کشمیر کے وفد میں چیف انجینئر سی ڈی او، ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی او، ایس ڈی او بلڈنگ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فوڈ ٹیکنالوجسٹ سمیت فوڈ ڈیپارٹمنٹ/فوڈ اتھارٹی کا متعلقہ عملہ شامل تھا۔

دورے کے دوران وفد نے پی سی ایس آئی آر لیبارٹری (PCSIR Laboratory, Lahore) کے مختلف شعبہ جات بشمول بیوریجز، مائیکرو بایولوجی، کیمسٹری اور ہائی ٹیک لیبارٹری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سائنٹیفک آفیسرز نے لیبارٹری میں نصب جدید آلات، ٹیسٹنگ کے طریقہ کار اور بین الاقوامی معیار کے مطابق فوڈ ٹیسٹنگ نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: غیر رجسٹرڈ پاپڑ کی فروخت پرکمپنی کو ایک لاکھ جرمانہ، ضبط سامان کا لیبارٹری تجزیہ کروایاجائیگا

پی سی ایس آئی آر حکام نے آزاد جموں و کشمیر میں اسٹیٹک فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری (Static Food Testing Laboratory) کے قیام کے لیے مکمل تکنیکی معاونت، ماہرین کی رہنمائی، تربیتی پروگرامز کے انعقاد اور ادارہ جاتی رابطہ کاری و تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔

حکام کے مطابق اس دورے سے نہ صرف فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے عمل میں تیزی آئے گی بلکہ فوڈ سیفٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔

Scroll to Top