سردار تنویر الیاس نے سابق وزراء پر الزامات کی بوچھاڑ کردی ،مشتاق منہاس کا بھی سخت ردعمل

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کے رہنما ،سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے سابق وزراسردار میر اکبر اور مشتاق احمد منہاس پرسنگین الزامات لگا دیئے ہیں جس پر سابق وزیر حکومت و ن لیگی رہنمامشتاق منہاس کا ردعمل بھی سامنے آگیا ہے

باغ میں گزشتہ روز شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردارتنویر الیاس کا کہناتھا کہ میرے خلاف سازشیں کرنے میں سردار میر اکبر سرفہرست تھے حالانکہ سردار قمر الزمان کو ہروا کر ان کو کامیاب کرایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس عدالت میں پیش، وارنٹ گرفتاری منسوخ

انہوں نے کہا کہ شرقی باغ والوں سے معافی مانگتا ہوں کہ سردار قمرالزمان خان کو ہرا کر میں نے سردار میراکبر کوجتوایا، اب میں ان کی سیاست نہیں چلنےدوں گا۔

سردارتنویر الیاس نے انکشاف کیا کہ جب ہائیکورٹ سے پیشی کے بعد میں واپس سپریم کورٹ گیاتوسردار میر اکبر بار بار کہہ رہے تھے واپس چلیں ہائیکورٹ کام کو ختم کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ شخص چوہدری انوارالحق کیساتھ مل کر سازشیں کررہا تھا، اب میں اور سردار قمر الزمان خان اکٹھے ہیں دیکھتے ہیں سردار میر اکبرکیسے جیتتا ہے۔

سردار تنویر الیاس نے دعویٰ کیا کہ مشتاق منہاس میرے گھر میں بیٹھ کر پائوں پکڑ رہا تھا کہ آپ ن لیگ میںشامل ہوں میں الیکشن نہیں لڑوں گا لیکن جب میں پیپلزپارٹی میں شامل ہوا تو شاعری کرنا شروع کردی۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے مشکل وقت میں بیڑا اٹھایا تھا، مشتاق منہاس نے لکھا تھا کہ میں خدائی لہجے میں بات کررہاہے لیکن آج بھی کہہ رہا ہوں ،اب میں اور سردار قمر الزمان خان اکٹھے ہیں ، ہم دیکھیں گے وسطی اور شرقی میں پرندہ پر کیسے مارتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی میں دم ہے تو الیکشن میں آئے،مشتاق منہاس صدارتی دوڑ میں شامل،مجتبیٰ بٹ

انہوں نے کہا کہ سردار میر اکبر کے علاوہ دو اور لوگ بھی ہیں ان سے بھی اسمبلی کی جان چھڑوائیں گے۔

دریں اثناءسابق وزیر اطلاعات ون لیگی رہنما مشتاق احمد منہاس نے ردعمل میں ایک سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اورکہا کہ لگتا ہے دم پر ٹھیک پائوں رکھا گیا ہے چیخیں لاڑکانہ تک گئی ہیں ،آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا۔

سینئر سیاستدان راجہ محمد یاسین نے کہا کہ سیاست میں اور زندگی کے دیگر معاملات میں اختلاف یا اختلاف رائے ہونا کوئی انوکھی بات نہیں لیکن مخالف کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شائستگی کا دامن چھوڑنا مناسب نہیں ہے۔

حال ہی مسلم لیگ (ن)میں شامل ہونیوالے سردار میر اکبر خان کا سابق وزیراعظم کی تقریر پر فوری طور پر ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Scroll to Top