جنوبی افریقہ کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے نیپال کرکٹ ٹیم کو اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نیپال کو کبھی ان کی ضرورت پڑی تو وہ ہر وقت دستیاب ہوں گے ۔
ڈیل اسٹین کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب آئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے نیپال کو محض 4 رنز سے شکست دی ۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیپال کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف شائقین بلکہ کرکٹ کے عالمی ماہرین اور سابق کھلاڑیوں کو بھی متاثر کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20ورلڈ کپ : سری لنکا نے آئر لینڈ کو 20رنز سے شکست دے دی
ایک مضبوط ٹیم انگلینڈ کیخلاف نیپال نے جس جرات، مہارت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا، اس کے بعد نیپال کو دنیا کی بہترین ایسوسی ایٹ کرکٹ ٹیموں میں شمار کیا جانے لگا ہے ۔
سابق بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے بھی نیپال کی تعریف کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ نیپالی ٹیم میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور وہ مستقبل میں بڑی ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے ۔
سابق بھارتی اسپنر روی چندرن اشون نے بھی نیپال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیپال اب واقعی بہترین ٹیموں میں شامل ہو چکا ہے اور اس کے کھلاڑیوں میں غیر معمولی ٹیلنٹ موجود ہے، جو آنے والے برسوں میں مزید نکھر کر سامنے آئے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ کا معاملہ : آئی سی سی کا ہنگامی مداخلت کا فیصلہ
ادھر سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے بھی نیپالی کھلاڑیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ میچ انگلینڈ نے جیتا، لیکن نیپال کی مہارت اور جذبہ غیر معمولی تھا۔ ان کے مطابق نیپال نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی سطح پر سنجیدہ حریف بننے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔




