ششی تھرور

جنوبی ایشیا میں امن کیلئے پاکستان کیساتھ مذاکرات ناگزیر : ششی تھرور

بھارتی سیاستدان اور کانگریس کے سینئر رہنما ششی تھرور نے پاکستان کے حوالے سے بھارت کی دیرینہ سخت اور دشمنانہ پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرزِ فکر نے خطے میں امن کی کوششوں کو نقصان پہنچایا ہے اور طویل عرصے میں یہ حکمتِ عملی کوئی مثبت نتائج دینے میں ناکام رہی ہے ۔

ایک بھارتی اخبار میں شائع ہونے والے اپنے کالم میں ششی تھرور نے لکھا کہ دہشت گردی ایک سنگین اور حقیقی خطرہ ہے، تاہم پورے پاکستانی معاشرے کو ایک ہی زاویے سے دیکھنا نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ اس کے منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس سوچ کے نتیجے میں شدت پسند عناصر کو تقویت ملتی ہے جبکہ امن، مکالمے اور ہم آہنگی کے حامی حلقے کمزور پڑ جاتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:واشنگٹن : بھارتی وفد کو شرمندگی کا سامنا، بھارتی شہریوں کو دیکھ کر ششی تھرور ساتھیوں سمیت چھپ گئے

ششی تھرور کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کو مستقل طور پر ایک دشمن یا شیطانی قوت کے طور پر پیش کرنے کے بجائے ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو جنوبی ایشیا میں امن اور استحکام کے فروغ کا باعث بن سکیں۔ انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ مذاکرات اور سفارتی روابط کمزوری کی علامت ہوتے ہیں، اور واضح کیا کہ پائیدار امن کے لیے بات چیت ناگزیر ہے ۔

انہوں نے اپنی تحریر میں سخت گیر پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوششیں بھی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکیں۔ ان کے بقول اس طرح کے اقدامات دونوں ممالک کے عوام کے درمیان فاصلے بڑھانے اور غلط فہمیوں کو گہرا کرنے کا سبب بنتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی شکست پر سینئر بھارتی سیاستدان ششی تھرور کے گانے گنگنانے کی ویڈیو وائرل، بھارتی عوام کا شدید ردعمل

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت میں ایک ایسا طبقہ ابھر رہا ہے جو پاکستان کے ساتھ مکالمے، کشیدگی میں کمی اور تعلقات کی بہتری کا حامی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کے خیالات اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارتی سیاست میں پاکستان مخالف بیانیے پر اندرونی سطح پر بحث اور سوالات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

Scroll to Top