لاہور(کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہنگامی مداخلت کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا اعلیٰ سطحی وفد چند گھنٹوں میں لاہور پہنچ رہا ہے تاکہ دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان پیدا شدہ تنازعے کو جلد از جلد حل کیا جا سکے ۔
وفد کی قیادت آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین کریں گے اور لاہور پہنچنے کے بعد ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے درمیان موجود مسائل پر بات ہوگی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد دونوں فریقین کے درمیان سمجھوتہ کرانا اور میچ کے سلسلے میں اختلافات ختم کرنا ہے تاکہ آئندہ ٹورنامنٹس کے شیڈول پر کوئی اثر نہ پڑے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ: انگلینڈ نے نیپال کو 4 رنز سے ہرا دیا
ذرائع نے بتایا کہ اس موقع پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی لاہور پہنچ چکے ہیں تاکہ ثالثی میں معاونت فراہم کی جا سکے۔ آئی سی سی وفد اور بی سی بی کے صدر کی ملاقات کے بعد وفد آج ہی واپس روانہ ہو جائے گا، لیکن یہ اقدام واضح طور پر بتاتا ہے کہ آئی سی سی خطے میں کرکٹ تعلقات کو بہتر بنانے اور دونوں بورڈز کو راضی کرنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے ۔
خیال رہے کہ پاک بھارت میچ کے بائیکاٹ کا معاملہ عالمی کرکٹ کمیونٹی کے لیے حساس رہا ہے اور اس نے شائقین کے درمیان بے چینی پیدا کر دی ہے ۔ شائقین کی نظریں اب لاہور اجلاس کے نتائج پر مرکوز ہیں، کیونکہ یہ اجلاس نہ صرف پاک بھارت میچ کی صورت حال طے کرے گا بلکہ خطے میں کرکٹ سیاست کے مستقبل کا بھی تعین کرے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، عالمی کرکٹ میں نئی قانونی بحث چھڑ گئی
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی یہ ہنگامی مداخلت اس بات کا اشارہ ہے کہ عالمی کرکٹ ادارہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے ۔




