مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے شہریوں اور تاجر برادری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 8 فروری کو دی گئی احتجاج کی کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ شہر بھر میں تاحال کسی بھی مقام پر احتجاجی سرگرمیاں دیکھنے میں نہیں آئیں اور عوامی سطح پر اس کال کو پذیرائی نہیں مل سکی۔
معمولاتِ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں:
مظفرآباد شہر کے تمام اہم تجارتی مراکز اور بازاروں میں آج معمول کے مطابق دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے ہوئے ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی مکمل طور پر بحال ہے اور شہری اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ اب تک کسی بھی علاقے سے شہریوں کے احتجاج کے لیے باہر نکلنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: فرانزک لیب رپورٹ: 9مئی ہنگامہ آرائی میں اہم پی ٹی آئی رہنماؤں کی موجودگی کی تصدیق
تاجر برادری کے تحفظات:
دوسری جانب، مقامی تاجروں نے احتجاجی سیاست پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ آئے روز کے احتجاج، دھرنوں اور ہڑتالوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جس سے نہ صرف معاشی نقصان ہو رہا ہے بلکہ عام آدمی کی زندگی بھی اجیرن ہو چکی ہے۔ تاجروں کے مطابق وہ مزید کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ بننے کے متحمل نہیں ہو سکتے جو ان کے روزگار کی بندش کا باعث بنے۔




