اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل )وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس مشکل گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی جبکہ شہداء کے بلند درجات کے لیے بھی دعا کی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ مساجد کو نشانہ بنانا نہ صرف انسانیت بلکہ دینِ اسلام پر بھی حملہ ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا اوورسیز کنونشن کیلئے تیاریاں مکمل کرنے کا حکم
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے اور ایسے بزدلانہ حملے کبھی بھی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ وزیراعظم اے جے کے نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز پاکستان سے انشاء اللہ دہشت گردی کے اس عفریت کا جلد مکمل خاتمہ ہوگا اور ملک میں امن و امان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی اپنے حلقےلچھراٹ آمد، عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح ہے : فیصل ممتاز راٹھور
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد رہیں اور امن و بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں ، تاکہ دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ناکام ہوں اور پاکستان ایک محفوظ ملک بنے ۔




