اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر سمیت مری ، گلیات ، ایبٹ آباد کے پہاڑوں پر ایک بار پھر برفباری کا امکان جبکہ میدانی علاقوں میں بارش متوقع ہے ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا گیا، اس کے علاوہ مری، گلیات اورگردونواح میں برفباری اوربارش کاامکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب بارش و برفباری سے متعلق الرٹ جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے، الرٹ کے مطابق 9 سے 10 فروری مری، گلیات اورگردونواح میں برفباری اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب کے جنوبی اضلاع میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے،
راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں اسٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے،
ریسکیو1122کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔انہوں نے اپیل کی ہے کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر لازمی عمل کریں۔ترجمان پی ڈی ایم اے مری میں برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں،
شہری ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔




