ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان نے نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ورلڈکپ میں اپنے سفر کا کامیاب آغاز کیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیدرلینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔ تاہم 27 کے مجموعے پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈکپ: پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف بولنگ کا فیصلہ کیا

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 53 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنا کر آریان دت کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہو گئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کرا دیا۔

پاکستان کی وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں۔ محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے ذمہ داری سنبھالی اور دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ فہیم اشرف کی اس جارحانہ اننگز نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح سے ہمکنار کر دیا۔

اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ میکس اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مائیکل لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 24 رنز اسکور کیے۔ اس کے بعد کولن ایکرمین 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی۔ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا۔ وین ڈر مرفی نیدرلینڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان علی آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

آخری اوور میں سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس طرح پوری ڈچ ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ نیدرلینڈ کی ٹیم 160 سے 170 رنز کے درمیان اسکور کر لے گی، تاہم پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کر لیں۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ باس ڈی لیڈ 30، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

Scroll to Top