مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران ضلع مظفرآباد میں اشیاء ضروریہ، خوردونوش، ایل پی جی گیس وغیرہ کی قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کے علاوہ قیمتوں کی جانچ پڑتال اور شکایات کے ازالہ کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی مظفرآباد کی طرف سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر موثر عملدرآمد کے لئے مامور شدہ مجسٹریٹ صاحبان اپنے اپنے علاقوں میں جملہ دوکانوں، مارکیٹوں اور سستے رمضان بازاروں کی چیکنگ کو یقینی بناتے ہوئےکنٹرول روم میں روزانہ کی بنیاد پر اپنی اپنی کارگزاری رپورٹ جمع کروانے کے پابند ہونگے۔
ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق کنٹرول روم بطور شکایات سیل بھی کام کرے گا جس کا خصوصی رابطہ نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں کے حوالہ سے فون نمبر 920224 اور 920055 پر عوام الناس کی طرف سے شکایات درج کروائی جا سکیں گی۔ موصولہ شکایات کے فوری اور بروقت ازالہ کے لئے واٹس ایپ پر ڈپٹی کمشنر مظفرآباد روزانہ کی بنیاد پر مسٹریٹ صاحبان کی کارکردگی مانیٹر کریں گے۔ کنٹرول روم میں مامور سٹاف دفتری اوقات کار کے بعد بھی ہمہ وقت حاضر رہ کرڈیوٹی سرانجام دے گا۔
انچارج کنٹرول روم مجسٹریٹس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کی نسبت ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر مظفرآباد کو نیوز رپورٹ ارسال کریں گے تاکہ اسکی تشہیر کرتے ہوئے عوام کو انکی شکایات کے ازالہ کے لیے کی گئی کارروائی سے باخبر رکھا جا سکے۔