آزادکشمیر کے ضلع بھمبر کی تحصیل برنالہ میں ڈیری فارم کا بورڈ لگا کر اندر جعلی سگریٹ فیکٹری لگانے کا دھندہ پکڑا گیا، ان لینڈ ریو نیو نے ایکشن لیتے ہوئے جعلی فیکٹری سیل کردی۔
چیئر مین ان لینڈ ریونیو چوہدری عبد الرحمن اور کمشنر ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون انصر علی کی خصوصی ہدایات اور خفیہ اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو سرکل بھمبر چوہدری اظہر حسین کی سربراہی میں بانیاں خورد تحصیل برنالہ ضلع بھمبر میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پر ہمراہ ایکسائز سکواڈ چھاپہ مارا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں: سگریٹ فیکٹریوں میں ٹیکس چوری روکنے کیلئےٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ
جعلی فیکٹری میں بدوں رجسٹریشن سگریٹ ہا کی پروڈکشن کی تیاری کی جا رہی تھی ، جہاں موقع پرسے ایک عدد سگریٹ میکنگ مشین ، ایک عدد پیکنگ مشین اور سیلوفین مشین موجود تھی ۔
فیکٹری میں 3 عدد ٹرے سگریٹ جو کہ ٹرائل پروڈکشن کے دوران تیار شدہ بدوں لیبل برانڈ موجود تھے جن کو قبضہ میں لے لیا گیا۔ فیکٹری میں 10مز دور موجود تھے ،
ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ ایکسائز نے فیکٹری کو فی الفورسیل کر دیا گیا ،فیکٹری مالکان کے خلاف تحت ضابطہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ان لینڈ ریونیو کی بڑی کارروائی،لاکھوں روپے کے غیر قانونی سگریٹ برآمد
ٹیم کے مطابق فیکٹری کے مین گیٹ پر چوہدری فتح محمد ڈیری فارم کا بورڈ لگا ہوا تھا، وزیر اعظم اور منسٹر ان لینڈ ریونیو کی ہدایت پر نان ڈیوٹی پیڈ اور غیر قانونی سگریٹ کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بھی جعلی سگریٹس کا دھندہ روکنے کی کوشش کی تھی اور مظفرآباد میں ایک فیکٹری کیخلاف کارروائی کی گئی تھی لیکن وہ اس مافیا کو روکنے میں ناکام رہے تھے۔




