ممبئی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے باوجود بھارتی ٹیم طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستان کیخلاف میچ کیلئے سری لنکا جائے گی ۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 15 فروری کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں شیڈول ہے، تاہم حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف یہ میچ نہیں کھیلے گی ۔
پاکستان کے بائیکاٹ کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو صورتحال پر تشویش لاحق ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے واضح کیا ہے کہ بھارتی ٹیم آئی سی سی کے طے شدہ شیڈول پر مکمل عمل کرے گی ۔
ممبئی میں کپتانوں کی پری ٹورنامنٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ہماری حکمتِ عملی بالکل واضح ہے، ہماری فلائٹ بُک ہے اور ہم کولمبو جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود میچ کے لیے مقررہ مقام پر موجود ہوگی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی ٹی 20 کپتان نے خوشی مکھرجی کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا
آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر پاکستان ٹیم گروپ میچ میں بھارت کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتی ہے تو اسے اس میچ کے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا جبکہ یہ دو پوائنٹس بھارت کو مل جائیں گے ۔
تاہم رپورٹس کے مطابق بھارت کو پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ آئی سی سی پروٹوکول کے مطابق میچ کے مقام پر بروقت موجود ہو، تمام تیاریاں مکمل کرے اور میدان میں پاکستان ٹیم کا انتظار کرے ۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم آئی سی سی پروٹوکول پر مکمل عمل کرے گی ۔ ٹیم 15 فروری کو سری لنکا میں شیڈول کے مطابق پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی، پریس کانفرنس کرے گی اور میچ کے وقت اسٹیڈیم پہنچے گی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت اگر میچ کے روز پاکستان ٹیم میدان میں موجود نہ ہوئی تو بھارتی ٹیم میچ ریفری کی جانب سے میچ منسوخ کیے جانے کے باضابطہ اعلان کا انتظار کرے گی، جس کے بعد ہی بھارت کو دو پوائنٹس د ئیے جائیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، عالمی کرکٹ میں نئی قانونی بحث چھڑ گئی
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 7 فروری سے ہوگا ۔ پاکستان کے گروپ میں بھارت کے علاوہ نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا شامل ہیں ۔




